ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی انتخابات: کانگریس کا بڑا وعدہ، بے روزگار نوجوانوں کو ماہانہ 8500 روپے دینے کی گارنٹی

دہلی انتخابات: کانگریس کا بڑا وعدہ، بے روزگار نوجوانوں کو ماہانہ 8500 روپے دینے کی گارنٹی

Mon, 13 Jan 2025 10:40:35  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی، 13/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر، کانگریس پارٹی نے اپنی تیسری اہم گارنٹی کے تحت ‘یوا اڑان یوجنا’ کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو 8500 روپے ماہانہ بطور اپرنٹس شپ فراہم کیے جائیں گے۔ اس اسکیم کا اعلان دہلی میں ایک تقریب کے دوران کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق نائب وزیر اعلیٰ راجستھان، سچن پائلٹ نے کیا، جسے نوجوانوں کے لیے ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

سچن پائلٹ نے کہا کہ دہلی کے تعلیم یافتہ لڑکوں اور لڑکیوں کو، جو بے روزگار ہیں، ہر ماہ 8500 روپے فراہم کیے جائیں گے۔ یہ رقم ایک سال تک اپرنٹس شپ کی صورت میں دی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو ملازمتوں کے حصول میں مدد دی جا سکے۔ اس اسکیم کے ذریعے نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے اور ان کے ہنر کو نکھارنے کا مقصد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہلی کے عوام 5 تاریخ کو نئی حکومت کا انتخاب کریں گے، اور کانگریس کی حکومت بننے پر نوجوانوں کو یہ سہولت دی جائے گی۔ سچن پائلٹ نے کہا کہ انا کی لڑائی اور غیر ذمہ دارانہ سیاست کے باعث دہلی کے عوام کو نقصان اٹھانا پڑا ہے، مگر کانگریس ان مسائل کا حل پیش کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس پارٹی اپنی تمام گارنٹیوں کو عملی جامہ پہنائے گی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ دہلی میں بے روزگاری بڑھنے کی وجہ سے نوجوانوں میں منشیات کے استعمال کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ‘یوا اڑان یوجنا’ نہ صرف مالی امداد فراہم کرے گی بلکہ رجسٹرڈ نوجوانوں کو نجی کمپنیوں میں ہنر کی تربیت بھی دی جائے گی تاکہ وہ مزید آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے کہا، “ہم راج محل اور شیش محل کی سیاست سے ہٹ کر نوجوانوں کے لیے کام کر رہے ہیں۔”

کانگریس پہلے ہی خواتین کے لیے ‘پیار ی دیدی’ اسکیم کے تحت ماہانہ 2500 روپے دینے کا اعلان کر چکی ہے۔ اب نوجوانوں کے لیے اس نئی اسکیم کے ذریعے کانگریس پارٹی نے اپنی سنجیدگی کا ثبوت دیا ہے۔ دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی میں کانگریس کا دورِ حکومت ترقیاتی کاموں کے لحاظ سے مثالی رہا ہے اور اس بار بھی کانگریس عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔

دیویندر یادو نے عام آدمی پارٹی اور بی جے پی دونوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اپنی پرانی شراب پالیسی میں بدعنوانیوں کو چھپانے کے لیے سی اے جی رپورٹ پیش کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق شراب ڈیل میں کروڑوں روپے کا گھوٹالہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کا بھی بدعنوانی کے معاملات میں ریکارڈ عام آدمی پارٹی سے مختلف نہیں ہے۔


Share: