بنگلورو، 21/دسمبر (ایس او نیوز ) بروہت بنگلور و میونسپل کارپوریشن (بی بی ایم پی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ بنگلورو میں ٹریفک جام کے سنگین مسئلے کو حل کرنے کے لیے 40 کلومیٹر طویل زیر زمین ٹنل سڑک کی تعمیر کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
بی بی ایم پی نے کہا کہ اس نے اس پروجیکٹ کے لیے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) مکمل کر لی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ روزانہ کام کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کو بڑی راحت فراہم کرے گا۔
بی بی ایم پی کے مطابق، اس پروجیکٹ میں دو بڑی سرنگیں ہوں گی۔ 18 کلومیٹر طویل شمال - جنوبی سرنگ ہیبل فلائی اوور کو سلک بورڈ جنکشن سے جوڑے گی، جبکہ 22 کلومیٹر کی مشرقی - مغربی سرنگ آر پورم کو میسور روڈ سے جوڑے گی۔ اس کا مقصد راستوں پر ٹریفک جام کے مسئلے کو حل کرنا ہے۔ فزیبلٹی اسٹڈیز سے پتا چلتا ہے کہ سنگل ٹیوب سرنگ جڑواں ٹیوب سرنگ سے زیادہ اقتصادی ثابت ہوگی۔