ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 'سب کو ریزرویشن ملے گا': تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا مہاراشٹر میں امت شاہ کو چیلنج

'سب کو ریزرویشن ملے گا': تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا مہاراشٹر میں امت شاہ کو چیلنج

Sun, 10 Nov 2024 12:07:04  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی، 10/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، اور تمام سیاسی پارٹیاں انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ پارٹی کے اہم رہنما اور وزراء اپنے امیدواروں کی حمایت میں انتخابی تشہیر کر رہے ہیں۔ اس دوران تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی بھی مہاراشٹر پہنچ چکے ہیں اور انہوں نے ایک میڈیا انٹرویو میں مہاراشٹر کی سیاست پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ ریونت ریڈی نے اس موقع پر اپنی سیاسی حکمت عملی اور نظریات پر روشنی ڈالی۔

انٹرویو کے دوران وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر جم کر حملہ بولا۔ ساتھ ہی انہوں نے کانگریس کی جانب سے جاری کیے گئے انتخابی منشور میں مذکور 5 گارنٹیوں کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’مہاراشٹر میں وزیر اعلیٰ ایم وی اے اتحاد کا ہوگا، ہم آپ کو بھی دعوت پر بلائیں گے۔‘‘ انہوں نے انتخابی وعدوں پر کہا کہ ’’اگر ایکناتھ شندے، دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار ریاست کو لوٹنا بند کر دیں تو ہمارے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے کے لئے بہت پیسہ مل جائے گا۔‘‘

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’وزیر اعظم سے وزیر داخلہ تک مہاراشٹر میں جھوٹ بول رہے ہیں اور عوام کو بہلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم نے 2 لاکھ تک قرض معاف کیا۔ 500 روپے کا گیس سلنڈر 50 لاکھ پریواروں کو مل رہا ہے۔ کسی بی جے پی لیڈر کو کچھ بھی دیکھنا ہے تو تلنگانہ آ جاؤ وہاں دیکھ لو کہ 10 ماہ میں ہم نے کیا کچھ کر دیا ہے۔‘‘

وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے آگے کہا کہ ’’مہاراشٹر میں سب سے زیادہ کسانوں نے خود کشی کی ہے۔ نریندر مودی نے جھوٹے وعدے کیے۔ کانگریس جو وعدہ کرے گی وہ پتھر کی لکیر ہوگی۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سونیا گاندھی کی گارنٹی پر عمل میں آئی۔ سونیا جی نے جو وعدہ کیا ہے ہم اسے پورا کریں گے۔‘‘ انہوں نے امت شاہ پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’امت شاہ جھوٹ بول رہے ہیں، ملک کے وزیر داخلہ کو ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیے کہ کوئی بھی 50 فیصد سے زیادہ ریزرویشن نہیں دے سکتا۔ عدالت کا حکم ہے، جو دینا ہے 50 فیصد کے اندر دینا ہے، ہم کسی کے کوٹے سے نہیں کریں گے، سب کو دیں گے ریزرویشن۔‘‘


Share: