ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 'ذات پر مبنی مردم شماری روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مگر کانگریس ایسا نہیں ہونے دے گی': جھارکھنڈ میں راہل گاندھی کا عزم

'ذات پر مبنی مردم شماری روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مگر کانگریس ایسا نہیں ہونے دے گی': جھارکھنڈ میں راہل گاندھی کا عزم

Sun, 10 Nov 2024 12:10:11  SO Admin   S.O. News Service

رانچی، 10/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ذات پر مبنی مردم شماری کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن یہ کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ کانگریس اور انڈیا بلاک نے ملک کے عوام سے وعدہ کیا ہے کہ وہ ہر صورت میں ذات پر مبنی مردم شماری کرائیں گے۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ریزرویشن کی حد کو 50 فیصد سے زیادہ کرنے کا عزم بھی کیا ہے۔ جھارکھنڈ میں انڈیا بلاک کے ذریعے قبائلیوں کو 28 فیصد، دلتوں کو 12 فیصد اور پسماندہ طبقے کو 27 فیصد ریزرویشن دینے کا وعدہ بھی انھوں نے دوہرایا۔

جھارکھنڈ کے دھنباد میں عظیم الشان جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا کہ ملک میں تقریباً 50 فیصد او بی سی، 15 فیصد دلت، 8 فیصد قبائلی طبقہ کے لوگ ہیں۔ لیکن ان طبقات کی ملک میں کوئی شراکت داری نہیں ہے۔ اس حالات کو بدلنے کا سب سے بہتر طریقہ ذات پر مبنی مردم شماری ہے۔ اس سے ملک کو پتہ لگ جائے گا کہ پسماندہ، قبائلی اور دلت کی تعداد کتنی ہے۔ ملک کی دولت کس طرح تقسیم ہوئی ہے۔ سرکاری اداروں میں کسی طبقہ کی کتنی شراکت داری ہے۔ ذات پر مبنی مردم شماری ہوتے ہی ہندوستان میں سیاسی انقلاب شروع ہو جائے گا۔

عوام کی زبردست بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر صرف چنندہ صنعت کاروں کے لیے کام کرنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ایک بار نریندر مودی کو دیکھا جب وہ تار کے پیچھے کھڑے غریب بچوں سے جھجک کر مل رہے تھے۔ ہندوستان کے وزیر اعظم غریبوں، کسانوں، دلتوں، پسماندوں، قبائلیوں کے پاس جاتے ہی نہیں ہیں۔ وہ صرف اڈانی-امبانی کے پاس جاتے ہیں۔ وہ کبھی کسی غریب کے یہاں شادی میں نہیں گئے، لیکن امبانی کے بیٹے کی شادی میں چلے گئے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ آپ (عوام) کے نہیں ہیں، وہ ان (چنندہ صنعت کاروں) کے ہیں۔

راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ آج کی حقیقت یہ ہے کہ ہندوستان میں نوجوان اور خواتین تکلیف میں ہیں۔ ملک کے نوجوان بے روزگاری کے سبب غمگین ہیں اور خواتین مہنگائی سے غمگین ہیں۔ مودی جی صرف بڑی بڑی تقریریں کرتے ہیں، کرتے کچھ نہیں ہیں۔ نریندر مودی نے ہر چیز پر جی ایس ٹی لگا دیا ہے۔ ٹیکس کا پورا ڈھانچہ ملک کے غریب لوگوں سے پیسہ لینے کا طریقہ ہے۔ راہل گاندھی یہ بھی کہتے ہیں کہ اس لوک سبھا انتخاب میں مرکز میں انڈیا بلاک کی حکومت نہیں بنی، لیکن آنے والے وقت میں انڈیا بلاک اور کانگریس کی حکومت آئے گی۔ یہ کسانوں، مزدوروں، چھوٹے کاروباری، غریبوں کی مدد کرنے والی حکومت ہوگی۔


Share: