کویت سٹی،6؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)کویت میں سکیورٹی اداروں نے جمعے کے روز داعش تنظیم سے تعلق رکھنے اور دہشت گرد کارروائی کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام ایک فلپینی خاتون کو گرفتار کر لیا۔کویتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی ادارے ملزمہ لیناوی فی ازولو پیسکائدا کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ ملزمہ کا سن پیدائش 1984ہے اور اس کے پاس فلپائن کی شہریت ہے۔ ملزمہ پر دہشت گرد تنظیم داعش کی بیعت اور ایک دہشت گرد کارروائی کرنے کی تیاری کا الزام ہے۔بیان کے مطابق مجاز سکیورٹی اداروں نے ملزمہ کے زیرانتظام ایک الکٹرونک اکاؤنٹ کا بھی پتہ چلایا ہے۔ یہ خاتون گھریلو خادمہ کے ویزے پر جون میں کویت میں داخل ہوئی اور اس کے بعد لیبیا میں داعش تنظیم کے ساتھ رابطے اور معلومات کے تبادلے کے لیے سرگرم رہی۔ سکیورٹی اداروں کی کڑی نگرانی سے بچنے کے لیے اس نے مختلف نام اور کنیتوں کا استعمال کیا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے واضح ثبوتوں کا سامنا کرنے کے بعد اقرار کیا ہے کہ وہ موقع ملنے اور مطلوبہ وسائل کی دستیابی پر فوری طور کسی بھی دہشت گرد کارروائی کے لیے تیار تھی۔ کارروائی میں کویتی سماج کے ایک مخصوص طبقے کو نشانہ بنایا جانا تھا جس کا مقصد ملک میں امن و امان کو متزلزل کرنا اور فتنہ بھڑکانا تھا۔