نئی دہلی، 2/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ہریانہ اسمبلی انتخابات کے بعد کانگریس نے ای وی ایم سے متعلق کچھ شکایات الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کی تھیں۔ حال ہی میں الیکشن کمیشن نے کانگریس کو 1600 سے زائد صفحات پر مشتمل جواب بھیجا، جس پر کانگریس نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے یکم نومبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ "ہریانہ کے 20 اسمبلی حلقوں میں کانگریس کی شکایات پر الیکشن کمیشن نے کوئی واضح جواب نہیں دیا۔ اس عدم جواب دہی پر کانگریس کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔"
اس پوسٹ کے ساتھ جئے رام رمیش نے تین صفحات کا وہ خط منسلک کیا ہے جو کہ الیکشن کمیشن کو لکھا گیا ہے۔ اس خط پر 7 کانگریس لیڈران (کے سی وینوگوپال، اشوک گہلوت، بھوپندر ہڈا، اجئے ماکن، ابھشیک منو سنگھوی، اودے بھان، پرتاپ باجوا، جئے رام رمیش اور پون کھیڑا) کے دستخط ہیں۔ اس خط میں لکھا گیا ہے کہ ’’ہمیں حیرانی نہیں ہے کہ الیکشن کمیشن نے ہماری شکایتوں کی جانچ کی ہے اور خود کو کلین چٹ دے دی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’الیکشن کمیشن نے مشینوں کی بیٹری میں اتار چڑھاؤ کے سوال کا جواب دیا، لیکن واضح جواب کی جگہ لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔‘‘
جئے رام رمیش کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا جواب مشینوں کے کام کرنے کے طریقے کے بارے میں ایک پیمانہ اور جنرل بلیٹ سٹ سے زیادہ کچھ نہیں ہے، نہ کہ خصوصی شکایات پر ایک خاص وضاحت۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ہماری شکایات بہت اہم تھیں، لیکن الیکشن کمیشن کا رد عمل بہت معمولی تھا اور شکایتوں و عرضی دہندگان کو کم توجہ دینے پر مرکوز تھا۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن نے ہریانہ اسمبلی انتخاب کے بارے میں کانگریس کے اس الزام کو خارج کر دیا تھا جس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کی بیٹری کی سطح کے بارے میں فکر ظاہر کیا گیا تھا۔ کانگریس نے اپنی شکایت میں کہا تھا کہ ان کی پارٹی 70-60 فیصد بیٹری چارج والی ای وی ایم میں جیت رہی تھی، لیکن 99 فیصد بیٹری چارج دکھانے والی ای وی ایم میں ہار رہی تھی۔ الیکشن کمیشن نے ان دعووں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیٹری کی حالت ظاہر کرنے والا حصہ صرف تکنیکی ٹیموں کی مدد کے لیے ہوتا ہے۔ اس سے ووٹوں کی گنتی پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔