نئی دہلی، 5/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور فیس بک پر کارروائی کے بعد، مرکزی حکومت نے اب وکی پیڈیا کو بھی نوٹس جاری کر دیا ہے۔ حکومت نے وکی پیڈیا کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں بعض شکایات پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔ وکی پیڈیا پر الزام ہے کہ وہ جانبدارانہ اور غلط معلومات فراہم کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ، حکومت نے وکی پیڈیا سے یہ بھی سوال کیا ہے کہ اسے ’ثالث‘ کی بجائے ’پبلشر‘ کیوں نہ تصور کیا جائے۔
جانکاری کے مطابق، انٹرنیٹ انسائیکلوپیڈیا کو لکھے گئے خط میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ایڈیٹرز کے ایک محدود گروپ کا مواد پر زیادہ کنٹرول ہے، جس کی وجہ سے مواد غیر جانبدار نہیں ہے۔
وکی پیڈیا کو نوٹس کا یہ معاملہ دہلی ہائی کورٹ میں چل رہی ایک قانونی لڑائی کے درمیان سامنے آیا ہے، جس میں نیوز ایجنسی ایشین نیوز انٹرنیشنل (اے این آئی) نے ان صارفین کے بارے میں جانکاری مانگی ہے جنہوں نے فرم کے بارے میں ایک اندراج میں تبدیلی کی تھی۔ حالانکہ، ابھی تک نہ تو وکی پیڈیا اور نہ ہی حکومت ہند کی طرف سے اس سے متعلق کوئی آفیشل بیان جاری کیا گیا ہے۔ یہ جانکاری ذرائع کے حوالے سے ملی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وکی پیڈیا ایک فری پلیٹ فارم ہے جہاں سے دنیا بھر کے لوگ معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ حالانکہ، یہاں دی گئی معلومات کچھ ہی لوگوں کے ذریعہ لکھی جاتی ہیں، اس لیے ان میں کچھ غلطیاں بھی ہو سکتی ہیں۔ وکی پیڈیا کی شروعات 2001 میں انگریزی زبان میں ہوئی تھی، جبکہ ہندی وکی پیڈیا 2003 اور اردو 2004 میں شروع کی گئی تھی۔