نئی دہلی، 4/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) 'وقف (ترمیمی) بل 2024' کے لیے تشکیل شدہ جے پی سی کی سرگرمیاں جاری ہیں، جس میں میٹنگز اور ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس دوران، جے پی سی کے اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کو ایک خط ارسال کیا ہے، جس میں انہوں نے وقف بل کے حوالے سے اپنی آراء پیش کرنے کے لیے مزید وقت کی درخواست کی ہے۔ اپوزیشن اراکین 5 نومبر کو لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے ملاقات بھی کر سکتے ہیں تاکہ اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے اوم برلا سے شکایت کی ہے کہ جے پی سی چیف جگدمبیکا پال مبینہ طور پر منمانی کر رہے ہیں۔ اگر انھیں اپنی بات رکھنے کے لیے مزید وقت نہیں دیا گیا تو وہ کمیٹی سے اپنا نام واپس لے لیں گے۔ جے پی سی میں شامل اپوزیشن ارکین پارلیمنٹ اے راجہ، محمد جاوید، عمران مسعود، اسدالدین اویسی، سنجے سنگھ اور کلیان بنرجی وغیرہ نے یہ خط لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو لکھا ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ جے پی سی چیئرمین جگدمبیکا پال منمانے فیصلے لے رہے ہیں اور میٹنگ کی تاریخ طے کرنے کے ساتھ ساتھ گواہوں کو بلانے میں بھی منمانی کر رہے ہیں۔
اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ جے پی سی بھی ایک چھوٹی پارلیمنٹ کی طرح ہے جس میں اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کو بھی سنا جانا چاہیے، نہ کہ طے طریقہ پر عمل کیے بغیر بل کو پاس کرانے کی کوشش ہونی چاہیے۔ جے پی سی میٹنگوں میں خوب ہنگامہ اور تنازعہ ہو رہا ہے۔