ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وقف ترمیمی بل 2024: جے پی سی اراکین کا 11 سے 14 نومبر تک 5 اضلاع کا دورہ متوقع

وقف ترمیمی بل 2024: جے پی سی اراکین کا 11 سے 14 نومبر تک 5 اضلاع کا دورہ متوقع

Sat, 02 Nov 2024 11:04:06  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 2/نومبر (ایس او نیوز/ایجنسی)'وقف (ترمیمی) بل 2024' کا جائزہ لینے کے لیے بنائی گئی جے پی سی کی میٹنگوں میں کافی ہنگامہ آرائی ہو رہی ہے، اور اپوزیشن کے اراکین نے کئی بار میٹنگ سے واک آؤٹ کیا ہے، لیکن جے پی سی کی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔ حالیہ خبروں کے مطابق، جے پی سی کے اراکین جلد ہی 5 اضلاع کا دورہ کرنے والے ہیں تاکہ وہ وقف بورڈز اور املاک کے متعلقہ اصول و ضوابط کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) اب وقف معاملے پر مطالعہ کے لیے گواہاٹی، بھونیشور، کولکاتا، پٹنہ اور لکھنؤ کا دورہ کرے گی۔ کمیٹی کے اراکین 11 سے 14 نومبر تک یہ دورہ کریں گے اور اس دوران ’وقف (ترمیمی) بل 2024‘ کا جائزہ لیں گے۔ 5 اضلاع کے اس دورہ کو انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے، کیونکہ اس دوران کمیٹی کے اراکین اہم مسلم اداروں کے ذمہ داران سے ملاقات بھی کر سکتے ہیں۔

اس درمیان ایک بڑی خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ کرناٹک سے بی جے پی رکن اسمبلی بسن گوڑا آر پاٹل نے وقف املاک کے نیشنلائزیشن کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو لکھے گئے ایک خط میں کیا ہے۔ انھوں نے خط میں لکھا ہے کہ ’’میں احترام کے ساتھ آپ کے معزز دفتر سے گزارش کرتا ہوں کہ غیر جانبدار نظام یقینی کرنے اور آئندہ ناانصافی کو روکنے کے لیے وقف ملکیتوں کا نیشنلائزیشن کرنے پر غور کریں۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’موجودہ قوانین کے ذریعہ مضبوط وقف بورڈ مبینہ طور پر اشخاص، کسانوں اور طویل وقت سے چلے آ رہے مذہبی اداروں، جو وقف سے منسلک نہیں ہیں، کی ملکیت والے املاک پر تجاوزات کر رہے ہیں۔‘‘


Share: