سڈنی، 31؍جولائی(ایس اونیوز ؍آئی این ایس انڈیا )گلین میکسویل کے گزشتہ کچھ وقت سے چل رہے خراب فارم کو دیکھتے ہوئے آسٹریلیا ئی سلیکٹروں نے آج آخر انہیں سری لنکا کے خلاف ہونے والی ون ڈے کرکٹ سیریز سے باہر کر دیا۔آسٹریلیا نے آج اپنی 15رکنی ٹیم کا انتخاب کیا جس میں میکسویل کے علاوہ ٹریوس ہیڈ اور اسکاٹ بولینڈ کو بھی جگہ نہیں دی گئی ہے۔یہ تینوں گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے والی16رکنی ٹیم کا حصہ تھے،ان کی جگہ پر موئجیس ہینرکس اور شان مارش کو ٹیم میں لیا گیا ہے۔میکسویل کو 2012میں ڈبیو کے بعدکئی بار آخری الیون میں منتخب نہیں کیا گیا لیکن یہ پہلا موقع ہے جبکہ انہیں ٹیم سے ہی باہر کر دیا گیا ہے۔وہ گزشتہ کچھ وقت سے رن بنانے کے لیے جوجھ رہے ہیں ۔اس لیے اعداد و شمار ہی ساری کہانی بیان کر رہے ہیں۔انہوں نے گزشتہ 6 اننگوں میں صرف 11.80کی اوسط سے رن بنائے ہیں ۔ویسٹ انڈیز کے حالیہ دورے میں انہوں نے صرف ایک بار ناٹ آؤٹ 46رنوں کی مفید اننگ کھیلی تھی جبکہ باقی تین اننگوں میں وہ صرف سات رن ہی بنا پائے۔سلیکشن کمیٹی کے صدر روڈ مارش نے کہاکہ ہم جانتے ہیں کہ گلین آسٹریلیا کے لیے میچ ونر بن سکتا ہے لیکن اس کا موجودہ فارم سلیکشن کے قابل نہیں ہے۔اس نے آسٹریلیا کی جانب سے گزشتہ 10 ون ڈے میچوں میں دس سے بھی کم اوسط سے رن بنائے ہیں، اس لیے اعداد و شمار ہی ساری کہانی بیان کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ21؍اگست کو کولمبو میں ہو گا۔