اڈپی 31/جولائی (ایس او نیوز)ہوٹل درگا انٹرنیشنل کے مالک بھاسکر شیٹی کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ پچھلے چاردنوں سے وہ لاپتہ ہوگیا ہے۔ جبکہ بھاسکر شیٹی کی ماں نے اس کی بیوی اور بیٹے پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے بھاسکر کا اغوا کرلیا ہے۔
منی پال پولیس اسٹیشن میں بھاسکر شیٹی کی ماں نے جو شکایت درج کی ہے اس کے مطابق ایک مہینے پہلے بھاسکر کی بیوی راجیشوری اور اس کے بیٹے نے ہوٹل درگا انٹرنیشنل میں ہی اس پر حملہ کرکے پٹائی کی تھی اور اسے یقین ہے انہی لوگوں نے اب بھاسکرکو اغوا کرلیا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق پولیس نے اندرالی کے مقام پر واقع بھاسکر کے گھر 'ایشوری'پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔خاندانی ذرائع سے یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ ہوٹل کے اندر اس پر ہوئے حملے کے بعد سے بھاسکر اپنے گھرکے بجائے ہوٹل میں ہی قیام کیا کرتا تھا۔ وہ صرف صبح میں غسل لینے کے لئے اپنے گھر جاتااور واپس لوٹتا تھا۔ اس دوران وہ اپنے اہل خانہ سے بات چیت بھی نہیں کیا کرتاتھا۔اب وہ 28/جولائی سے لاپتہ ہوگیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ بھاسکر شیٹی کا سعودی عربیہ میں بھی کاروبار ہے،جہاں وہ اکثر جایا کرتا تھا۔ اڈپی کا کاروبار اس کی بیوی سنبھال رہی تھی۔ کہتے ہیں کہ کاروباری معاملات میں دونوں کے بیچ پید اہونے والے اختلافات ہی بھاسکر پر حملے کی اصل وجہ ہے۔ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ابھی حال ہی میں بھاسکر کا پاسپورٹ بھی چوری ہوگیا تھا جس سے وہ سعودی عربیہ بھی جانہیں پارہاتھا۔منی پال پولیس اس معاملے کی تفتیش کررہی ہے۔