نئی دہلی، 6/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)سینٹرل ویجی لینس کمیشن (سی وی سی) نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے فلیگ اسٹاف روڈ پر واقع سرکاری بنگلے کی تعمیر نو میں ممکنہ بے ضابطگیوں کے معاملے پر سی پی ڈبلیو ڈی سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ بی جے پی کے رہنما وجندر گپتا نے منگل کو یہ دعویٰ کیا، جس کے مطابق کیجریوال اسی بنگلے میں 9 سال سے مقیم رہے ہیں۔ بی جے پی نے اس عمارت کو ’شیش محل‘ کا نام دیا ہے اور غیر قانونی تعمیرات کے الزامات کے تحت اس کی جانچ کا مسلسل مطالبہ کیا ہے۔
دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وجندر گپتا نے منگل کو بیان جاری کرکے کہا کہ ان کی جانچ پر سینٹرل ویجی لینس کمیشن نے وزیر اعلیٰ رہائش میں غیر قانونی تعمیر اور مالی بے ضابطگیوں کی جانچ کو سینٹرل پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے پاس بھیجا ہے اور انہیں یقین ہے کہ رپورٹ پر مناسب کارروائی کی جائے گی۔ گپتا نے بتایا کہ اس تعلق سے انہوں نے 14 اکتوبر کو سی وی سی کو ایک شکایت دی تھی، اس میں 6 فلیگ اسٹاف روڈ پر ہوئی تعمیر کی جانچ کا مطالبہ کیا تھا۔
بی جے پی رہنما نے الزام لگایا ہے کہ تمام قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے یہاں تعمیر کا کام کیا گیا اور اس سلسلے میں کسی طرح کی منظوری بھی نہیں لی گئی۔ یہ عوام کے پیسے کا غلط استعمال ہے اور بدعنوانی کا معاملہ ہے۔ اس کی جانچ ہونی چاہیے۔ گپتا نے بتایا کہ ان کی شکایت پر سینٹرل ویجی لینس کمشنر نے سی پی ڈبلیو ڈی سے جانچ رپورٹ مانگی ہے۔
وہیں اس پورے معاملے پر عام آدمی پارٹی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ رہائش کو لے کر شکایت کرنے والی بی جے پی جتنی چاہے جانچ کرا سکتی ہے۔ پارٹی اور اس کے کنوینر اروند کیجریوال ایماندار ہیں اور اس کی وجہ سے ہی وہ ملک میں سب سے مقبول منتخب وزیر اعلیٰ ثابت ہوئے ہیں۔ پارٹی نے آگے کہا کہ بی جے پی نے عآپ حکومت کے خلاف کئی جانچ شروع کیے جس میں پارٹی کے سینئر افسروں، وزراء، اور اراکین اسمبلی کو نشانہ بنایا گیا، لیکن ایک روپے کی بھی گڑبڑی سامنے نہیں آئی، یہ ہماری بے مثل ایمانداری کا سب سے مضبوط ثبوت ہے۔ پارٹی نے بیان میں آگے کہا کہ منفی سیاست میں شامل ہونے کے بجائے بی جے پی کے لوگوں کو مسائل کو سمجھنے اور حقیقی حل کی سمت میں کام کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔