نئی دہلی، 2/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے عآپ حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ راجدھانی میں آلودگی کو قابو میں رکھنے کے لیے تیار کیا گیا ’ونٹر ایکشن پلان‘ ناکام ہوگیا ہے۔ دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی، سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، اور وزیر ماحولیات گوپال رائے کے بار بار کیے گئے دعوے اور اعلانات محض زبانی باتیں ثابت ہوئے ہیں۔ پٹاخوں پر پابندی کے سرکاری احکامات بھی کارگر ثابت نہ ہوئے۔ ان ناکامیوں کے باعث دہلی ایک گیس چیمبر بن چکی ہے اور آج راجدھانی کا اوسط اے کیو آئی 361 کی خطرناک حد پر پہنچ چکا ہے۔
دیویندر یادو نے آتشی حکومت میں وزیر ماحولیات گوپال رائے کو آلودگی پر قابو پانے میں ہر سطح پر ناکام قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ آج آلودگی کے خلاف پانی چھڑکاؤ مہم کو آلودگی کنٹرول کی ناکام کڑی کا حصہ بنانے کے لیے لانچ کیا ہے، کیونکہ دو ہفتہ پہلے بھی انھوں نے ریڈ لائٹ آن، گاڑی آف منصوبہ لانچ کیا تھا جو پوری طرح سے ناکام ثابت ہوا۔
دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ دیوالی کے بعد اے کیو آئی سطح بہت خراب زمرہ سے بھی زیادہ گر گیا ہے اور سی پی سی بی رپورٹ کے مطابق علاقہ میں زہریلے دھوئیں کی موٹی سطح چھا گئی ہے۔ دہلی کے بیشتر حصوں میں اے کیو آئی 400-300 کے درمیان رہا، جو لوگوں میں صحت کے مسائل پیدا کر رہا ہے۔ پوری دہلی کے 24 ہاٹ اسپاٹ میں کہیں بھی 300 سے کم اے کیو آئی نظر نہیں آیا، جو آنے والے وقت میں دہلی والوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ آنند وِہار میں اے کیو آئی 395، چاندنی چوک میں 395، سونیا وِہار میں 395، بوانا میں 392، جہانگیر پوری میں 390 اور نارتھ کیمپس میں اے کیو آئی 390 رہا۔
دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے مزید کہا کہ عآپ کی دہلی حکومت لوگوں کی صحت کے تئیں حساس نہیں ہے۔ دم گھونٹنے والی آلودگی کے سبب فضا میں پھیلی زہریلی ہوا کے سبب لوگوں کو سانس لینے، آنکھوں میں جلن اور گلے کی بیماری جیسے سنگین مسائل سے نبرد آزما ہونا پڑ رہا ہے۔ گزشتہ 9 سال کیجریوال اور اب وزیر اعلیٰ آتشی نے لوگوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا ہے۔ کیجریوال نے جیل سے ضمانت پر باہر آنے کے بعد ٹوٹی سڑکوں کا دورہ کر دعویٰ کیا تھا کہ دیوالی تک پوری دہلی میں سڑکیں بنا دیں گے، لیکن سڑکیں بھی جوں کی توں ہیں۔ اس وجہ سے راجدھانی میں گاڑیوں کے ساتھ سڑکوں سے اڑنے والی دھول کے سبب آلودگی بڑھ رہی ہے۔