ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دیوالی پر دہلی کی آلودگی میں اضافے کا خدشہ، پٹاخے جلانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ

دیوالی پر دہلی کی آلودگی میں اضافے کا خدشہ، پٹاخے جلانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ

Thu, 31 Oct 2024 17:37:42  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 31/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ملک بھر میں دیوالی کا تہوار منایا جا رہا ہے، لیکن دہلی میں فضائی آلودگی نے لوگوں کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے۔ دیوالی کے روز یہاں کی فضاء میں مزید بگاڑ آ گیا ہے، خاص طور پر آنند وِہار علاقے میں جہاں اے کیو آئی 'سنگین' زمرے میں ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق، شام تک آلودگی کی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ اس پس منظر میں، حکام نے پٹاخے جلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے اور اس مقصد کے لیے 377 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

جمعرات کی صبح آٹھ بجے آنند وِہار میں اے کیو آئی 419 درج کیا گیا، یہ انتہائی سطح سے صرف 81 نیچے ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ کہیں 500 تک نہ پہنچ جائے۔ دہلی کی بات کی جائے تو گزشتہ 24 گھنٹے کا اوسط اے کیو آئی گزشتہ شام 4 بجے تک 307 درج کیا گیا۔ یہ منگل کو 268 تھا۔ اب دیوالی اور جمعہ کے دن آلودگی سے راحت ملنے کی فی الحال کوئی امید نظر نہیں آ رہی ہے۔ آئی آئی ٹی ایم پونے بتایا کہ جمعرات اور جمعہ کو دہلی میں اے کیو آئی انتہائی خراب کے زمرے میں پہنچ سکتا ہے۔

دیوالی کی صبح اے کیو آئی اگر 'سنگین' زمرے میں جاتا ہے تو لوگوں کی پریشانی مزید بڑھ سکتی ہے۔ ایسے میں دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کہا ہے کہ پوری دہلی میں پٹاخوں پر پابندی نافذ کرنے کے لیے 377 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران بیداری پھیلانے کے لیے ریزیڈینٹ ویلفیئر ایسو سی ایشنس، مارکیٹ یونینس اور سماجی تنظیموں کے رابطہ میں ہیں۔

دہلی پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ سبھی پولیس ڈپٹی کمشنرس (ڈی سی پی) کو یہ یقینی کرنے کے لیے ڈیڈیکیٹڈ ٹیمیں بنانے کے لیے کہا گیا ہے کہ ان کے متعلقہ اضلاع میں پٹاخے نہ پھوڑے جائیں۔ افسران نے انتباہ کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔


Share: