بارات دلہن کو لے کر آ رہی تھی کہ راستے میں سیلابی ریلے کی نظر ہوگئی
کراچی31جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان کے قبائلی علاقے خیبرایجنسی میں باراتیوں کی ایک گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے خواتین اوربچوں سمیت26افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ تین افراد زخمی ہیں۔ہلاک ہونے والوں میں18بچے، چھ خواتین اور دو مرد شامل ہیں جبکہ اس پک اپ گاڑی میں 28سے 30افراد سوار تھے۔لنڈی کوتل کے اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ رحیم اللہ محسود نے بتایاکہ بارات صبح سویرے دلہن کو لے کر آ رہی تھی کہ راستے میں سیلابی ریلے کی نذرہوگئی۔ان کا کہنا تھا کہ اس مقام پرندیاں آپس میں ملتی ہیں،گاڑی نے ایک ندی کو تو عبور کر لیا تھا لیکن دوسری میں پھنس گئی اور اتنے میں سیلابی ریلہ آیا اورگاڑی کوبہاکردورلے گیا۔انھوں نے بتایا کہ لاشیں مختلف مقامات پر بکھری پڑی تھیں جنھیں ایک، ایک کر کے تلاش کیاگیااورپھرورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔رحیم اللہ محسود کے مطابق ان میں 14میتیں ایک ہی گاؤں سے تھیں جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔تین زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہیں جنھیں مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔یہ واقعہ لنڈی کوتل کے پسماندہ علاقے زخہ خیل میں پیش آیا۔اہلکاروں نے بتایا کہ بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد اچانک سیلابی ریلہ آیا جس میں ایک بس بہہ گئی۔ان کے مطابق پک اپ گاڑی میں باراتی بیٹھے تھے جن میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی تھی۔انتظامی اہلکاروں نے بتایا کہ اعلی حکام اور دیگر عملہ موقع پر پہنچ چکا ہے جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔پاکستان کے قبائلی علاقوں اور خیبر پختونخوا کے بعض مقامات پر گذشتہ ایک ہفتے سے وقفے وقفے سے شدید بارشیں ہوئی تھیں جن میں مکانات کے منہدم ہونے اور سیلابی ریلوں میں کم سے کم بچوں اور خواتین سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔یہ واقعات ایبٹ آباد اور دیر کے علاقوں میں پیش آئے تھے۔
غزالہ خان کا مذاق اڑانے پر ٹرمپ کو تنقید کا سامنا
واشنگٹن31جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)رپبلکن پارٹی کے لیے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک عراق میں ہلاک ہونے والے مسلمان فوجی کی ماں کا مذاق اڑانے پر رپبلکن اور ڈیموکریٹ دونوں پارٹیوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ غزالہ خان کو بولنے نہیں دیا گیا۔سینیئرسیاستدانوں نے کہا ہے کہ ایک قومی ہیرو کی ماں کے بارے میں ایسی باتیں کرنا کسی طرح روا نہیں۔گذشتہ ہفتے ڈیموکریٹس کے نیشنل کنوینشن میں ہمایوں خان کے والد خضر خان نے کہا تھا کہ مسٹرٹرمپ نے اپنے ملک کے لیے کوئی قربانی نہیں دی ہے۔مسٹر ٹرمپ نے اے بی سی کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہاکہ اگرآپ اس کی اہلیہ کو دیکھیں تو وہ وہاں خاموش کھڑی نظر آتی ہیں۔ انھیں کچھ نہیں کہنا ہے۔ شاید انھیں کچھ کہنے کی اجازت ہی نہیں۔ آپ ہی بتائیں؟۔لیکن سابق صدر بل کلنٹن نے کہا میری یہ فہم سے باہر ہے کہ وہ ایک گولڈ سٹار کی ماں کے بارے میں ایسا کیسے کہہ سکتے ہیں۔ڈیموکریٹ پارٹی کے نائب صدر کے لیے نامزد امیدوار ٹم کین نے ٹرمپ کے بیان کو نامناسب قراردیا۔ اے پی کے مطابق انھوں نے کہا وہ اسے مضحکہ خیز بنا رہے تھے۔ اس سے ایک بار پھر یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ذہنی طورپر فٹ نہیں۔ اگر آپ میں احساس ہمگدازی نہیں تو ہمیں نہیں لگتا کہ اسے وہ سیکھ سکتے ہیں۔بعض رپبلکن رہنماؤں نے بھی اسے پسند نہیں کیا۔ اوہائیو کے گورنر جان کیسچ نے ٹویٹ کیا: گولڈ سٹار والدین کے ساتھ ایک ہی طرح سے پیش آیا جا سکتا ہے اور وہ ہے عزت و وقار کے ساتھ۔نیویارک ٹائمز کے مطابق خضر خان نے سنیچر کو کہا کہ مسٹر ٹرمپ اس ماں کے درد کے احساس سے عاری ہیں جس نے اپنے بیٹے کی قربانی دی ہے۔غزالہ خان نے جمعے کو کہا وہ اپنے شوہر کی تقریر کے درمیان اس لیے نہیں بول سکیں کیونکہ وہ اپنے بیٹے کی تصویر کو بغیر روئے دیکھ نہیں سکتیں۔ٹرمپ کی انتخابی مہم کی ٹیم نے ایک بیان جاری کیاہے جس میں ہمایوں خان کی تعریف کی گئی ہے۔اے بی سی کا انٹرویو جو اتوار کو نشر ہونا ہے اس میں ٹرمپ سے جب یہ سوال کیا گیا کہ کیا انھوں نے ملک کے لیے قربانی دی ہے تو انھوں نے کہاکہ میں بہت محنت کے ساتھ کام کرتا ہوں۔ میں نے ہزاروں روزگار پیدا کیے ہیں اور عظیم ڈھانچہ تیار کیا ہے۔ مجھے بہت کامیابی ملی ہے۔ میرے خیال سے میں نے بہت کچھ کیاہے۔