دبئی 4؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)بین الاقوامی تنظیم’’ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز‘‘نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شامی سرکاری فوج نے حلب میں 6ہسپتالوں کوفضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔بیان میں باور کرایا گیا ہے شہر کے ہسپتالوں پر ہونے والے حملے جنگی جرائم کی سطح تک پہنچ گئے ہیں۔تنظیم کا کہنا ہے کہ مذکورہ ہسپتالوں کو جولائی کے آخری ہفتے بالخصوص23سے31جولائی کے درمیان نشانہ بنایا گیا۔تنظیم نے بمباری،دھماکوں اورعلاقے میں انسانی امداد کی قلت جاری رہنے کی صورت میں ایک بڑے المیے سے خبردارکیاہے۔علاوہ ازیں تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ جنگ کے دوران 265طبی تنصیبات پر370سے زیادہ حملوں اور طبی سیکٹر میں کام کرنے والے 750افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔