احمد آباد، 6 ؍نومبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )او بی سی لیڈر الپیش ٹھاکر نے آج بہار کی طرز پر سخت شراب بندی قانون کے مطالبہ کو لے کر کل گجرات اسمبلی کا گھیراؤ کرنے کی دھمکی دی۔ادھر، وزیر اعلی وجے روپانی نے شراب مخالف قانون کو سختی سے نافذ کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔گجرات میں مشہور او بی سی چہرہ بن کر ابھرے ٹھاکر نے اپنی طاقت کا احساس کراتے ہوئے شراب بندی ، مقامی نوجوانوں کو روزگار اور کمیونٹی کی ترقی کے لیے فیصلہ کن اقدامات سمیت مختلف معاملات پر ریاستی حکومت پر دباؤ بنانے کے لیے گاندھی نگر میں ایک عظیم الشان اجلاس سے خطاب کیا۔ٹھاکر نے گزشتہ ماہ آج کی ریلی کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اگر آج شام تک حکومت ایسا قانون لے کر نہیں آتی ہے تو وہ کل اسمبلی کو گھیراؤ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ گجرات میں شراب بندی قانون ہے، لیکن اس کو درست طریقے سے لاگو نہیں کیا جا رہا ہے، ہمیں یہ بھی لگتا ہے کہ موجودہ قانون بہت کمزور ہے، جس کی وجہ سے شراب مافیا کو پولیس کو پیسے دے کر غیر قانونی سرگرمیوں کو انجام دینے میں کوئی ڈر نہیں لگتا۔ٹھاکر نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ گجرات حکومت اس مسئلہ سے نمٹنے کے لیے سخت قانون لے کر آئے جیسا کہ بہار حکومت حال میں لے کر آئی تھی۔اس نئے قانون کے تحت، شراب فروخت کرنے کی سزا کم از کم دس سال اور جرمانہ 5 لاکھ روپے ہونا چاہیے ،اور قانون میں اس علاقے کے متعلقہ پولیس انسپکٹر کی فوری معطلی کی تجویز بھی ہونی چاہیے ۔