ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل؛ ایک روپیہ کلو چاول کے لئے دس روپے کاٹوکن۔۔راشن کی دکان پرعوام پریشان

بھٹکل؛ ایک روپیہ کلو چاول کے لئے دس روپے کاٹوکن۔۔راشن کی دکان پرعوام پریشان

Tue, 09 Aug 2016 19:30:02  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل 9/اگست (ایس او نیوز)راشن کی دکان سے مٹی کا تیل، شکر، گیہوں اور چاول وغیرہ کم قیمتوں پر فراہم کرنے کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ سرکاری سہولت سے فیض یاب کرنا ہے۔ مگر اب سرکاری قاعدے اور قوانین کچھ ایسے ہوتے جارہے ہیں کہ یہ سہولتیں خود ایک مصیبت بن جاتی ہیں۔ جیسے کہ راشن کی دکان پر ایک روپیہ کلو کے حساب سے چاول حاصل کرنا ہوتو پہلے سائبر سنٹر جاکرانگوٹھے کا نشان مشین پر لگاکر اپنے بایومیٹرک تفصیلات سے ہم آہنگ ہونے کا ٹوکن لانا ضروری ہے جس کی قیمت دس روپے لگائی جارہی ہے۔ 

 دراصل راشن کی دکان سے مٹی کے تیل (کیروسین) کی کالابازاری روکنے کے لئے شہروں میں یہ انتظام گزشتہ دو مہینے سے جاری کیا گیا تھا۔ مگر افسران نے اب اس سسٹم کو راشن کی دوسری اشیاء جیسے اناج وغیرہ پانے کے لئے بھی لاگو کردیا ہے۔ اس سے عوام کو بڑی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ راشن کی دکان سے پہلے سائبر سنٹر پر صبح ہی سے لائن لگانی پڑتی ہے۔ کافی طویل انتظار کے بعد ٹوکن حاصل کرکے پھر راشن کی دکان پر قطار لگانا پڑتا ہے۔ اس طرح ایک روپیہ کلو چاول کے لئے دس روپے کا ٹوکن اور قطار میں انتظار کرنے کی مشکل لوگوں کے لئے درد سر کا سبب بن گیا ہے۔خاص کرخواتین ،نوکری پیشہ اور عمر رسیدہ لوگوں کے لئے یہ نیا سسٹم بہت بڑا مسئلہ بن کر سامنے آیا ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ سسٹم میں تبدیلی لانے سے پہلے سرکاری افسران کو اس کے اچھے اور برے دونوں پہلووں پر غور کرناچاہیے اور جن اُمور سے عوام کو تکلیف اور مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ایسے سسٹم رائج کرنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔


Share: