ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / امسال حج گھر سے عازمین کی روانگی کیلئے تیاریاں زوروں پر

امسال حج گھر سے عازمین کی روانگی کیلئے تیاریاں زوروں پر

Sun, 31 Jul 2016 17:47:45  SO Admin   S.O. News Service

27اگست کو خوبصورت ترین حج گھر کا افتتاح: روشن بیگ
بنگلورو31؍جولائی( ایس او نیوز) امسال سفر حج بیت اﷲ کیلئے عازمین حج ہندوستان کے سب سے خوبصورت حج گھر سے رخت سفر باندھیں گے۔ مضافات شہر ہیگڈے نگر میں حج گھر عازمین حج کی خدمت کیلئے پوری طرح تیار اور مستعد ہے۔ یہ بات آج وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے کہی۔ آج صبح اپنے محکمہ کے افسران ، عمائدین اور رضاکاروں کے ساتھ حج گھر کا معائنہ کرنے کے بعد عازمین حج کے تربیتی کیمپ کے دوسرے دن بنگلور پیالیس میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جناب روشن بیگ نے کہاکہ 27 اگست کو بنگلور کے عالیشان حج گھر کا افتتاحی جلسہ منعقد کیاجارہاہے۔ اس جلسہ میں ملک کے مایہ ناز علمائے کرام کو مدعو کیا جارہا ہے، ساتھ ہی ملک بھر سے ممتاز سیاسی قائدین کو بھی اس افتتاحی جلسہ میں شرکت کی دعوت دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ امسال حج فلائٹس کاآغاز 28؍ اگست کو ہوگا اور 2؍ ستمبر تک فلائٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ عازمین حج کو پوری آسانی کے ساتھ روانہ کرنے کیلئے ریاستی حج کمیٹی کی طرف سے تمام تیاریاں کافی زور وشور سے جاری ہیں ۔ اس بار حسب وعدہ عازمین حج کی روانگی نئے حج گھر سے ہی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر بنگلور کو یہ طرۂ امتیاز حاصل ہوا ہے کہ اس شہر میں ہندوستان کا خوبصورت ترین حج گھر تیار ہوا ہے ۔ اس حج گھر میں 100کمروں کی سہولت مہیا کرائی گئی ہے جہاں بیک وقت 600 عازمین حج قیام کرسکیں گے۔اس کے علاوہ اس حج گھر میں عازمین حج کے کھانے ، سیکورٹی ، لگیج ،امیگریشن ، کسٹمس اور دیگر تمام قانونی تقاضوں کی تکمیل کے ساتھ پورے آرام اور سکون کے ساتھ ان کی روانگی کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ جناب روشن بیگ نے کہاکہ 1996 میں بنگلورسے راست حج فلائٹ کی شروعات کے بعد سے ہی کرناٹک کے عوام بالخصوص شہریان بنگلور کا یہ خواب رہا کہ شہر گلستان میں ایک حج ہاؤز تعمیر ہو۔ شہر سے سفر حج بیت اﷲ پر جانے والے عازمین کی دعاؤں اور دیگر شہریان کی تمناؤں کی لاج رکھتے ہوئے اﷲ تعالیٰ نے اس شہر کو سب سے بہترین حج ہاؤزعطا کیا ہے۔ اس حج ہاؤز میں عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ اس کو انتہائی خوبصورت بنانے کی طرف بھی خاص توجہ دی گئی ہے۔اس حج ہاؤز کی خصوصیت یہ بھی ہوگی کہ اسے سال میں صرف موسم حج ہی میں نہیں ،بلکہ سال کے365دن بھی استعمال کیا جائے گا۔ خاص طور پر بیرون ریاستوں سے یہاں آنے والے مسلم خاندانوں اور تاجروں کو ٹھہرنے کیلئے مناسب کرایوں پر عمدہ معیاری کمرے مہیا کرائے جائیں گے، اس کے علاوہ چھوٹے موٹے تاجر جو دوسرے شہروں سے یہاں تجارت کیلئے آتے ہیں، انہیں بہت ہی کم شرح پر ڈامیٹری کی سہولت ، حج گھر کے تہہ خانہ میں مہیا کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ شہر بنگلور کے بزرگوں نے بیرون مقامات سے آنے والے مسافروں کی سہولت کا خیال کرتے ہوئے غوثیہ سرائے ، نبی سرائے، باسط سرائے وغیرہ تعمیر کروائے، لیکن شہر کی تیز رفتار ترقی کی وجہ سے آج یہ سرائے ناکافی ہوچکے ہیں۔ بیرون مقامات سے آنے والے مسلم خاندانوں اور تاجروں کو دینی ماحول میں ٹھہرنے کا انتظام حج گھر میں کیا جائے گا۔ وہ بڑے سکون اور اطمینان کے ساتھ اپنے خاندانوں کے ہمراہ حج گھر میں مقیم رہ سکتے ہیں اور اپنی تجارتی سرگرمیاں بھی چلا سکیں گے۔ 


طلبا کیلئے مفت قیام: جناب روشن بیگ نے بتایاکہ ہر سال انجینئرنگ اور دیگر پروفیشنل کورسوں کیلئے ہونے والے سی ای ٹی امتحان اور میڈیکل اور ڈینٹل کورسوں میں داخلے کیلئے ہونے والے این ای ای ٹی امتحان میں شرکت کیلئے بیرون مقامات سے ہزاروں کی تعداد میں طلبا بنگلور کا رخ کرتے ہیں، ان میں سے اکثر کو قیام کی سہولت میسر نہیں رہتی۔ آئندہ ان طلبا کو اپنے قیام کی سہولت کیلئے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔حج گھر میں وہ اپنا ہال ٹکٹ دکھا کر مفت قیام کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔ نہ صرف یہ طلبا بلکہ ان کے ساتھ آئے ہوئے سرپرستوں کے قیام کی سہولت بھی حج گھر میں مہیا کرائی جائے گی۔ 


فلائٹ کی روانگی کے اوقات: جناب روشن بیگ نے امسال عازمین حج کی فلائٹ کی روانگی کے اوقات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ اس بار ایر انڈیا کی طرف سے عازمین حج کی روانگی کے اوقات کا تعین کافی اطمینان بخش طور پر کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال ایرانڈیا کی طرف سے عازمین حج کی روانگی کے اوقات کے تعین میں گڑ بڑ کی وجہ سے کافی پریشانی اٹھانی پڑی، اسی لئے حال ہی میں انہوں نے مرکزی وزیر شہری ہوا بازی اور دیگر حکام سے رابطہ کیا اور ان سے گذارش کی کہ عازمین حج کی فلائٹ کی روانگی کیلئے ایسے اوقات کا تعین کیا جائے ،جس سے نماز کے کسی بھی وقت میں خلل نہ پڑے۔ اﷲ کا شکر کہ ایر انڈیا کے حکام نے ان کی گذارش کے مطابق فلائٹس کے اوقات طے کئے ہیں ، عازمین حج کے تمام فلائٹ کی روانگی رات میں ہوگی اور انہیں کسی طرح کی پریشانی کا سامنا کرنا نہیں پڑے گا۔ اس دوران آج بنگلور پیالیس کے ٹینس پویلین میں عازمین حج کیلئے کرناٹکا حج کمیٹی اور انڈین فورم فار حج ٹریننگ کی طرف سے منعقدہ دو روزہ تربیتی کیمپ کااختتام ہوا۔1350 سے زائد عازمین حج نے اس کیمپ میں حصہ لیا اور حج کے سماجی ، مذہبی اور قانونی پہلوؤں کے متعلق تفصیلی جانکاری حاصل کی۔ حج کے مذہبی پہلوؤں پر فورم کے صدر مولانا محمد لطف اﷲ مظہر رشادی نے روشنی ڈالی۔ قانونی وسماجی پہلوؤں پر سید اعجاز احمد، ریٹائرڈ کے اے ایس نے تفصیل سے بات رکھی، جبکہ طبی پہلو پر ڈاکٹر ریاض پاشاہ نے اپنے خیالات ظاہر کئے۔ 


Share: