واشنگٹن،9؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکی فوج نے کہا ہے کہ مشرقی شام میں اتحادی افواج کے فضائی حملے میں اسلامک اسٹیٹ کے زیر استعمال 83آئل ٹینکروں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ پینٹا گون کے ترجمان میتھیو ایلن کے مطابق گزشتہ روز یہ فضائی حملے دیر الزور کے صوبے میں البو کمال کے علاقے کے قریب کیے گئے اور اس کارروائی میں ایک سے زیادہ اتحادی ممالک کے جنگی طیاروں نے حصہ لیا۔ گزشتہ سال اتحادی جنگی طیاروں نے ایسے 400 ٹینکرز کو تباہ کیا تھا، جو صحرا میں غیر قانونی تیل کے انتظار میں قطار میں کھڑے تھے۔
امریکا گولن کی وجہ سے تعلقات قربان نہ کرے: ترکی کا انتباہ
انقرہ،9؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ترکی نے امریکا کو متنبہ کیا ہے کہ وہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو فتح اللہ گولن کی وجہ سے قربان نہ کرے۔ ترکی پینسلوینیا میں خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزارنے والے مذہبی رہنما گولن کو ناکام فوجی بغاوت کا ذمہ دار قرار دیتا ہے۔ تاہم گولن خود کو اس معاملے میں بے قصوروار قرار دیتے ہیں۔ ترک وزیر انصاف بیِکر بوزداگ نے انقرہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا گولن کو انقرہ کے حوالے نہیں کرتا تو وہ ایک دہشت گرد کی وجہ سے ترکی کے ساتھ تعلقات قربان کرے گا۔ ترکی کی طرف سے مسلسل واشنگٹن سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ گولن کو ملک بدر کرے۔