کولکاتا ، 7/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کولکاتا کے بدھان نگر پولیس اسٹیشن میں معروف اداکار متھن چکرورتی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ یہ معاملہ کولکاتا میں بی جے پی کی ایک میٹنگ کے دوران ان کی جانب سے کیے گئے ایک اشتعال انگیز تبصرے سے جڑا ہے، جسے انہوں نے فلمی انداز میں پیش کیا تھا۔ اس میٹنگ میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ بھی شریک تھے۔
متھن کے اشتعال انگیز بیان کے خلاف کوشک شاہا نام کے ایک شخص نے ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ متھن پر الزام ہے کہ انہوں نے فلمی انداز میں ایک ڈائیلاگ کا حوالہ دیتے ہوئے امن و شانتی کو متاثر کرنے والا تبصرہ کیا تھا۔
دراصل 27 اکتوبر کو جب مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ مغربی بنگال کے دورے پر تھے۔ اس وقت متھن چکرورتی کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا اس موقع پر امیت شاہ کے ساتھ ساتھ کئی بی جے پی کے لیڈران موجود تھے۔ میٹنگ میں متھن نے اپنی فلمی ڈائیلاگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’تم ہمارے ڈال کا ایک پھل توڑوگے تو ہم چار توڑیں گے‘‘۔ ان کے اسی بیان کی وجہ سے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔
کولکاتا کے ایک سینئر پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ شکایت کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ لیکن ابھی تک متھن چکرورتی سے پوچھ گچھ کے لئے نوٹس نہیں بھیجا گیا ہے۔ دوسری جانب متھن نے بھی اپنے متنازعہ تبصرے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ حالانکہ سیاسی حلقوں میں ان کے اس متنازعہ بیان کے بعد کافی ہنگامہ مچا ہوا ہے۔