نئی دہلی، 4/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی )الیکشن کمیشن نے پیر کے روز اعلان کیا کہ اتر پردیش، پنجاب اور کیرالہ میں ہونے والے ضمنی انتخابات کی تاریخ میں تبدیلی کی گئی ہے۔ پہلے یہ انتخابات 13 نومبر کو منعقد ہونے والے تھے، تاہم تہواروں کی وجہ سے بی جے پی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے مطالبہ کیا تھا کہ تاریخ آگے بڑھائی جائے تاکہ عوام کو ووٹ ڈالنے میں آسانی ہو۔ اس مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے اب ان ریاستوں میں 20 نومبر کو ووٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ ووٹوں کی گنتی کی تاریخ 23 نومبر ہی برقرار رکھی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی، کانگریس، بی ایس پی، آر ایل ڈی کے علاوہ کئی دیگر قومی و ریاستی پارٹیوں کی گزارش پر الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کی تاریخ میں یہ تبدیلی کی ہے۔ سیاسی پارٹیوں کی طرف سے یہ اندیشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ تہواروں کی وجہ سے 13 نومبر کو ہونے والی ووٹنگ کا فیصد کم ہو سکتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش کی 10 خالی پڑی سیٹوں میں سے 9 سیٹوں پر ضمنی انتخاب ہو رہا ہے، جبکہ پنجاب اسمبلی کی 4 سیٹوں پر ضمنی انتخاب ہونے والا ہے۔ علاوہ ازیں کیرالہ میں وائناڈ لوک سبھا سیٹ اور 2 اسمبلی سیٹوں پر بھی ضمنی انتخاب 13 نومبر کو ہونا تھا جو اب 20 نومبر کو ہوگا۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے مقررہ پروگرام کے مطابق ان 3 ریاستوں سمیت مجموعی طور پر 15 ریاستوں کی 48 خالی پڑی اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کرائے جا رہے تھے۔ اس کے علاوہ خالی پڑی لوک سبھا کی 2 سیٹوں پر بھی ووٹنگ کرائی جانی تھی۔ ان سبھی کے لیے ووٹنگ کی تاریخ 13 نومبر مقرر کی گئی تھی۔ لیکن اب اتر پردیش، پنجاب و کیرالہ میں ووٹنگ کی تاریخ بدل کر 20 نومبر کر دی گئی ہے، بقیہ ریاستوں میں 13 نومبر کو ہی ووٹ ڈالے جائیں گے۔