فیروز آباد، 8/نومبر (ایس او نیوز/ایجنسی) اتر پردیش کے ضلع فیروز آباد میں ایک خوفناک سڑک حادثے کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ 15 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ ناصر پور تھانہ علاقے کے آگرہ-لکھنؤ ایکسپریس وے پر پیش آیا، جہاں تیز رفتار مسافر بس ایک کھڑے ہوئے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ بس کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا، جس کے باعث امدادی کارروائیاں مشکل ہو گئیں۔
ذرائع کے مطابق، حادثے کے بعد پولیس اور ایمرجنسی سروسز فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ بس میں 17 مسافر سوار تھے جو گجرات کے علاقے دادرا نگر حویلی سے تعلق رکھتے تھے اور ایودھیا سے متھرا کی زیارت کے لیے جا رہے تھے۔
اسپتال کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ حادثے میں تین افراد کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں فیروز آباد کے ضلعی اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔ جاں بحق مسافر کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اکتوبر میں بھی یوپی کے کانپور میں ایک ہولناک سڑک حادثہ پیش آیا تھا جس میں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ اس حادثے میں تیز رفتار ڈمپر نے اچانک بریک لگا دی تھی جس کے باعث پیچھے چلنے والی کار اس سے ٹکرا گئی اور دو ٹرکوں کے درمیان کچلی گئی۔