آگرہ ، 5/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)اتر پردیش کے آگرہ میں ایک ایم آئی جی-29 جنگی طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ یہ واقعہ کاگارول کے سونیگا گاؤں میں پیش آیا، جب فضائیہ کا یہ طیارہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے بے قابو ہو کر کھیت میں جا گرا۔ زمین پر گرتے ہی طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد مقامی لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔ خوش قسمتی سے، طیارے میں موجود پائلٹ اور معاون پائلٹ نے بروقت چھلانگ لگا کر اپنی جان بچا لی۔
ڈیفنس سے جڑے افسران نے بتایا کہ ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ سمیت 2 لوگوں نے کھیت میں کود کر اپنی جان بچائی۔ ان کا کہنا ہے کہ مگ-29 جنگی طیارہ میں گرنے کے بعد آگ لگ گئی تھی۔ طیارہ نے پنجاب کے آدم پور سے پرواز بھری تھی اور تربیت کے لیے آگرہ جا رہا تھا تبھی یہ حادثہ پیش آیا۔ جائے حادثہ سے سامنے آئی تصویروں میں جلتے ہوئے جنگی طیارہ کے پاس لوگوں کی بھیڑ دیکھی جا سکتی ہے۔
اس حادثہ کے تعلق سے ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف) کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔ فضائیہ کا کہنا ہے کہ مگ-29 طیارہ آج معمول کے مطابق تربیتی پرواز کے دوران سسٹم میں خرابی کے بعد آگرہ کے پاس حادثہ کا شکار ہو گیا۔ پائلٹ نے یہ یقینی بنایا کہ زمین پر جان و مال کو کسی طرح کا نقصان نہ پہنچے۔ حادثہ کی وجہ کا پتہ لگانے کے لیے ہندوستانی فضائیہ نے تحقیقات کا حکم صادر کر دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب مگ-29 جنگی طیارہ حادثہ کا شکار ہوا ہے۔ رواں سال 2 ستمبر کو راجستھان کے باڑمیر میں بھی ایک مگ-29 جنگی طیارہ تکنیکی خرابی کے سبب حادثہ کا شکار ہو گیا تھا۔ تب بھی وقت رہتے پائلٹ طیارہ سے باہر نکلنے میں کامیاب رہا تھا۔