ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آئی پی ایل 2025 میگا نیلامی: اٹلی کے تھامس ڈریکا کی شرکت، 1574 کھلاڑیوں کی نیلامی کے لیے تیار

آئی پی ایل 2025 میگا نیلامی: اٹلی کے تھامس ڈریکا کی شرکت، 1574 کھلاڑیوں کی نیلامی کے لیے تیار

Wed, 06 Nov 2024 17:43:11  SO Admin   S.O. News Service

جدہ ، 6/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) آئی پی ایل گورننگ کاؤنسل نے آئندہ میگا نیلامی کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ 24 اور 25 نومبر کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں کھلاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی۔ اس مرتبہ آئی پی ایل نیلامی کے لیے کل 1574 کھلاڑیوں نے اپنا اندراج کرایا ہے، جن میں 1165 ہندوستانی اور 409 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔

آئی پی ایل میگا نیلامی کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکا ہے اور اس مرتبہ کی نیلامی بہت خاص ہونے والی ہے کیونکہ رشبھ پنت اور کے ایل راہل جیسے قد آور کھلاڑیوں کی بھی بولی لگنے والی ہے۔ ویسے تو ہر کسی کی نظر بڑے کھلاڑیوں کی بولی پر لگی رہنے والی ہے لیکن ایک خاص نام ہے جو سبھی کی توجہ کا مرکز بن سکتا ہے۔ وہ نام ہے تھامس جیک ڈریکا۔ آئی پی ایل نیلامی میں شامل ہونے والے ڈریکا اٹلی کے پہلے کرکٹر بننے والے ہیں۔

بی سی سی آئی نے منگل کو آئی پی ایل کی بڑی نیلامی کے مقام اور تاریخوں کا ہی اعلان نہیں کیا بلکہ یہ بھی بتایا کہ اس بار کتنے کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کیا ہے اور کن ممالک سے کتنے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں؟ کُل ملاکر 4 نومبر کو رجسٹریشن کی مدت کی حد ختم ہونے کے بعد 1574 کھلاڑی اس بار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ حالانکہ 204 کھلاڑی ہی اس نیلامی کے ذریعہ اگلے سیزن کا حصہ بن پائیں گے۔

آئی پی ایل کی طرف سے جاری نیلامی والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سب سے زیادہ دھیان کھینچنے والے تھامس جے ڈریکا ہیں۔ فٹبال اور موٹر اسپورٹ جیسے کھیلوں کے لیے مشہور اٹلی میں کرکٹ کی کوئی خاص پہچان نہیں ہے، ایسے میں آئی پی ایل کی نیلامی فہرست میں اٹلی کے کھلاڑی کا نام شامل ہونا حیران کرنے والا ہے۔ اسپورٹس اسٹار کی رپورٹ کے مطابق اٹلی کے کھلاڑی تھامس جیک ڈریکا دائیں ہاتھ کے تیز گیندباز ہیں۔ ان کی عمر24 سال ہے اور انہوں نے اسی سال اٹلی کے لیے اپنا پہلا ٹی-20 مقابلہ کھیلا ہے۔ اب تک 4 میچوں میں انہوں نے 8 وکٹ لیے ہیں۔ ڈریکا کو فرنچائزی کرکٹ کا بھی تجربہ ہے اور وہ کناڈا کی گلوبل ٹی-20 لیگ کھیل چکے ہیں۔ اس لیگ میں بریمپٹن وولس کی طرف سے کھیلتے ہوئے انہوں نے 6 میچوں میں 11 وکٹ لیے تھے اور مشترکہ طور پر دوسرے مقام پر رہے تھے۔

تھامس ڈریکا نے آسٹریلیا کی پاور پیس کرکٹ اکیڈمی میں اپنی تیز گیندبازی کی اسکلس پر کام کیا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ اچانک ڈریکا نے آئی پی ایل آکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیوں کیا؟ اس کی ایک وجہ ممبئی انڈینس کو مانا جا سکتا ہے جن کا ڈریکا سے تعلق ہے۔ اصل میں اٹلی کا یہ تیز گیندباز یو اے ای کی ٹی-20 لیگ آئی ایل ٹی-20 میں ایم آئی ایمیریٹس سے جڑ چکا ہے۔ ایم آئی ایمیریٹس نے ڈریکا کو لیگ کے آنے والے سیزن کے لیے خریدا ہے۔ اب اگر فرنچائزی نے انہیں ایک لیگ میں خریدا ہے تو اس کا امکان ہے کہ ایم آئی کے کہنے پر ہی ڈریکا نے آئی پی ایل آکشن کے لیے بھی رجسٹر کیا ہوگا۔


Share: