ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کمار وشواس کے متنازعہ بیان پر سپریا شرینیت کا ردعمل: "خواتین کے بارے میں آپ کی چھوٹی سوچ بے نقاب ہوئی"

کمار وشواس کے متنازعہ بیان پر سپریا شرینیت کا ردعمل: "خواتین کے بارے میں آپ کی چھوٹی سوچ بے نقاب ہوئی"

Mon, 23 Dec 2024 19:06:42  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی    ، 23/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کمار وشواس کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ کہتے نظر آ رہے ہیں، "اپنے بچوں کو رامائن سنائیں، گیتا پڑھائیں، کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ کے گھر کا نام رامائن ہو اور آپ کے گھر کی شری لکشمی کو کوئی اور لے جائے۔" اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد کانگریس رہنما سپریا شرینیت نے کمار وشواس کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان پر سخت تنقید کی ہے۔

سپریا شرینیت نے کمار وشواس کے اس بیان کو اداکارہ سوناکشی سنہا پر بیہودہ طنز بتایا ہے۔ سپریا نے کہا "اگر آپ کے اپنے گھر میں ایک بیٹی ہو تو کیا آپ کسی اور کی بیٹی پر بھدّا تبصرہ کرکے سستی تالیاں بٹوریں گے؟ ایسا کرنے پر آپ کس حد تک گرے ہوئے ہیں، اس کا تو اندازہ لگ ہی گیا ہے۔"

کانگریس رہنما نے آگے کہا "کمار وشواس جی! آپ نے سوناکشی سنہا کے بین مذہبی شادی پر تو بیہودہ طنز کیا ہی پر آپ نے اپنے اندر خواتین کے لیے جو اصل سوچ ہے، اسے بھی ظاہر کر دیا۔ آپ کے الفاظ 'ورنہ آپ کے گھر کی شری لکشمی کو کوئی اور اٹھا کر لے جائے گا'، کیا لڑکی کوئی سامان ہے، جس کو کوئی کہیں اٹھا کر لے جائے گا؟ کب تک آپ کے جیسے لوگ ایک عورت کو پہلے والد اور پھر شوہر کی ملکیت سمجھتے رہیں گے؟"۔

سپریا شرینیت نے مزید کہا کہ شادی اور ازدواجی زندگی کی بنیاد برابری، آپسی اعتماد اور آپسی محبت ہے۔ کوئی کسی کو کہیں اٹھا کر نہیں لے جاتا اور 2024 کے ہندوستان میں آپ اپنی مرضی سے شادی کرنے پر پرورش پر سوال اٹھا رہے ہیں؟ کیا ایک لڑکی کو یہ حق نہیں کہ جس سے اس کی مرضی ہو اس سے وہ شادی کرے؟ یا کون کیا کھائے گا، کیا پہنے گا، کس سے محبت کرے گا، کیسے شادی کرے گا، اس کا فیصلہ بھی مذہب کے نام نہاد ٹھیکیدار کریں گے؟

کانگریس رہنما نے کہا کہ ویسے پرورش پر تو سوال تب بھی نہیں ہونا چاہیے، جب آپ کے ساتھ والے باؤنسر ایک ایلیٹ ڈاکٹر کو پیٹ ڈالیں۔ یہ تو آپ کی کمی ہے جو آپ کا اسٹاف آپ کے رہتے ہوئے ایسا کرے، آپ کے سرٹیفکیٹ کی نہ تو شتروگھن سنہا جی کو ضرورت ہے اور نہ ان کی کامیاب بیٹی سوناکشی کو۔ لیکن اپنے سے 17 سال چھوٹی عمر کی لڑکی پر آپ کا تبصرہ آپ کی چھوٹی سوچ کو بے نقاب ضرور کر دیتی ہے، نہ شری رام کسی کی بپوتی ہیں، نہ رامائن، نہ اس سے جڑا کوئی نام۔
 


Share: