ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / "ون نیشن ون الیکشن" کا منصوبہ علاقائی جماعتوں کیلئے نقصان دہ: عمر عبداللہ

"ون نیشن ون الیکشن" کا منصوبہ علاقائی جماعتوں کیلئے نقصان دہ: عمر عبداللہ

Sun, 22 Dec 2024 17:58:20  Office Staff   S.O. News Service

 جودھپور، 22/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے "ون نیشن ون الیکشن" کو علاقائی جماعتوں کو کمزور کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔ راجستھان میں جی ایس ٹی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کو اس بل پر تفصیلی بحث کرنی چاہیے تاکہ تمام پہلوؤں پر غور کیا جا سکے اور کسی جامع نتیجے تک پہنچا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس معاملے پر مکمل بحث ضروری ہے تاکہ اس کے اثرات کو صحیح طریقے سے سمجھا جا سکے۔

عمر عبداللہ نے کہا، ’’ون نیشن ون الیکشن بل پارلیمنٹ کے سامنے موجود ہے۔ ضروری ہے کہ اس پر مکمل غور و خوض کیا جائے اور تمام جماعتوں کی رائے لی جائے۔ کچھ ریاستوں میں اس کو پاس کرنا بھی ضروری ہوگا۔ ہمیں نہیں لگتا کہ اس بل سے کسی کو فائدہ ہوگا۔ میرے خیال میں اس کا مقصد علاقائی سیاست کو کمزور کرنا اور علاقائی جماعتوں کے کردار کو محدود کرنا ہے۔‘‘

جی ایس ٹی کونسل کے اجلاس کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ اجلاس کا ماحول خوشگوار تھا اور کئی مثبت فیصلے کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران پری بجٹ گفتگو بھی ہوئی، جس میں مختلف ریاستوں نے اپنی تجاویز پیش کیں۔ ’’ہمیں امید ہے کہ جو باتیں ہم نے مرکزی وزیر خزانہ کے سامنے رکھیں، ان پر عمل کیا جائے گا۔‘‘

خود گاڑی چلا کر اجلاس میں پہنچنے کے سوال پر عمر عبداللہ نے کہا، "مجھے یاد ہے کہ جب میں بچپن میں تھا تو راجیو گاندھی کو خود گاڑی چلاتے ہوئے دیکھا تھا۔ مجھے بھی ڈرائیونگ کا شوق ہے، اور اسی لیے میں اکثر اپنی گاڑی خود چلاتا ہوں۔"

واضح رہے کہ 'ون نیشن ون الیکشن' بل پر غور کے لیے پارلیمنٹ نے 39 رکنی مشترکہ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی کی سربراہی بی جے پی کے سینئر رکن پارلیمنٹ پی پی چودھری کریں گے۔ کمیٹی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکین شامل ہیں، جن میں بی جے پی کے 16، کانگریس کے 5، سماجوادی پارٹی، ترنمول کانگریس اور ڈی ایم کے کے 2-2، جبکہ دیگر جماعتوں کے ایک ایک رکن شامل ہیں۔
 


Share: