ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی-این سی آر میں بارش سے سردی میں اضافہ، یلو الرٹ جاری

دہلی-این سی آر میں بارش سے سردی میں اضافہ، یلو الرٹ جاری

Mon, 23 Dec 2024 11:08:31  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی، 23/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی-این سی آر میں پیر کی صبح ہلکی بارش کے بعد سردی میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بارش کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری سیلسیس تک کمی متوقع ہے، جبکہ منگل سے کم سے کم درجہ حرارت میں بھی 1 سے 2 ڈگری سیلسیس تک کی کمی ہو سکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں پورے ہفتے شدید سردی پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس حوالے سے یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا تھا کہ پیر کو آسمان میں جزوی طور پر بادل چھائے رہیں گے۔ صبح میں اسماگ کے ساتھ ساتھ ہلکے سے درمیانی سطح کا کہرا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ دہلی کے کئی علاقوں میں صبح کے وقت بہت ہلکی بارش سے ٹھنڈ میں اضافہ ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 26 دسمبر کی رات ایک اور ویسٹرن ڈسٹربینس فعال ہوگا۔ اس وجہ سے جمعرات کی دیر رات دہلی کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ جمعہ اور ہفتہ کو بھی ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔

ملک کی بات کی جائے تو شدید ٹھنڈ کی وجہ سے پہاڑی ریاستوں میں عام زندگی متاثر ہو گئی ہے۔ جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں ٹھنڈ کے ساتھ اونچے پہاڑی علاقوں میں برفباری ہونے سے راتیں زیادہ سرد ہو رہی ہیں وہیں دن میں ہلکی دھوپ نکلنے سے تھوڑی راحت بھی مل رہی ہے۔

ٹھنڈ کا قہر سب سے زیادہ جموں و کشمیر اور لداخ میں دیکھا جا رہا ہے۔ سری نگر میں جہاں گزشتہ جمعہ کو درجہ حرارت منفی 8 اعشاریہ 5 ڈگری تھا وہیں ہفتہ کی رات کو یہ منفی 4 اعشاریہ 6 ڈگری سیلسیس پر پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کرسمس کے بعد 27 سے 28 دسمبر کو بادل چھائے رہیں گے۔


Share: