ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی میں شدید سردی اور کہرے کی شدت، پروازیں متاثر، اگلے 3 دنوں میں بارش کی پیش گوئی

دہلی میں شدید سردی اور کہرے کی شدت، پروازیں متاثر، اگلے 3 دنوں میں بارش کی پیش گوئی

Wed, 25 Dec 2024 11:49:39  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی  ، 25/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی میں سردی اور کہرے کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے شہر کا منظر دھندلا گیا ہے۔ آج صبح ہلکی بارش کے بعد کہرے نے اور بڑھا دیا، جس سے پروازوں اور ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔ انڈیرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کہرے کے باعث صبح 6 بجے مرئیت 100 میٹر تک محدود ہو گئی تھی، اور رن وے پر مرئیت 125 میٹر سے بھی کم ہو گئی تھی، جس سے کئی پروازیں متاثر ہوئیں۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق، اگرچہ ’سی اے ٹی-سوم‘ نیویگیشن سسٹم کے تحت لینڈنگ اور ٹیک آف ممکن ہے لیکن ان پروازوں کو مشکلات ہو سکتی ہیں جو اس ٹیکنالوجی کے مطابق نہیں ہیں۔ مسافروں کو اپنی پرواز کی معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

آج دہلی میں کم از کم درجہ حرارت 9.6 ڈگری سیلسیس رہا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا امکان ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق، دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) آج صبح 7 بجے 333 ریکارڈ کیا گیا، جو ’انتہائی خراب‘ زمرے میں آتا ہے لیکن ’سنگین‘ زمرے سے بہتر ہے۔

دہلی میں 26 سے 28 دسمبر کے درمیان مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے سردی میں اضافے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، دن بھر آسمان پر بادل چھائے رہیں گے اور بارش کے ساتھ کہرے کی شدت برقرار رہے گی۔ آلودگی کی سطح زیادہ ہونے کی وجہ سے سانس، جلد اور دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اسی بنیاد پر دہلی-این سی آر میں پابندیاں نافذ کی جاتی ہیں۔


Share: