والد کی وفات اورعصمت دری کے دہرے غم نے نفسیاتی اثرات مرتب کئے:پیرس جیکسن
واشنگٹن،یکم فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس ا نڈیا)امریکا کے مشہور عالم سپر اسٹار آنجہانی مائیکل جیکسن کی بیٹی پیرس جیکسن نے پہلی بار جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ایک نامعلوم شخص نے اس وقت اس کی عصمت دری کی تھی جب اس کی عمر 14 سال تھی۔18 سالہ پیرس جیکسن نے امریکی جریدہ ’رولنگ اسٹون‘ کو دیئے گئے ایک تفصیلی انٹرویو میں بتایا کہ والد کی وفات نے اس کی زندگی اور صحت پر گہرے نفسیاتی اثرات مرتب کیے۔ سنہ 2009ء میں اس کے والد کی پراسرار موت کے بعد وہ مسلسل کئی سال تک ذہنی پریشانی اور اعصابی تناؤ کا شکار رہی ہیں۔اپنی عصمت دری کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں پیرس جیکسن نے کہا کہ میں اس افسوسناک واقعے کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتی۔ مگر یہ واقعہ میری زندگی اور میری ذات کے لیے بہت ہی المناک تھا۔انہوں نے کہا کہ میں نے عصمت ریزی کے واقعے کے وقت یہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ اس واقعے کے بارے میں کبھی کسی سے بات نہیں کرے گی۔ اس واقعے نے اسے نفسیاتی الجھاؤ اور پریشانیوں کا شکار کردیا تھا۔ وہ والد کی وفات سے قبل گھر چھوڑ کر جانے پر غور کر رہی تھی۔پیرس جیکسن کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ ڈیلنگ کی صلاحیت بھی کھو بیٹھی تھی اور بڑوں کی پیروی کررہی تھی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ انٹرنیٹ کے ذریعے بھی اس جنسی طور پرہراساں کرنے کی کوشش کی گئی۔والد کی وفات اور عصمت ریزی کے واقعے کے بعد نفسیاتی دباؤ اس حد تک بڑھا کہ میں نے کئی بار خودکشی کا بھی فیصلہ کیا۔ سنہ 2013ء میں بھی کئی بار خود کشی کی کوشش کی۔ میں اپنی ذات سے نفرت کرتی تھی۔ایک سوال کے جواب میں امریکی سپر اسٹار کی بیٹی نے بتایا کہ اس نے ذہنی اور نفسیاتی پریشانیوں سے نجات کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کرنا پڑا۔ نفسیاتی معالجین مدد نہ کرتے تو اس کے لیے تنہا اس مشکل سے نکلنا ممکن نہ تھا۔