ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ’’اسلام امن کا پیغام دیتا ہے ،مسلمانوں نے وطن کی سالمیت کیلئے ہمیشہ اپنی قربانیاں دیں‘

’’اسلام امن کا پیغام دیتا ہے ،مسلمانوں نے وطن کی سالمیت کیلئے ہمیشہ اپنی قربانیاں دیں‘

Sat, 09 Jul 2016 18:51:13  SO Admin   S.O. News Service

دہلی ریاستی مجلس مشاورت کے زیراہتمام عیدملن تقریب میں جسٹس راجندر سچرکااظہارِخیال
معروف عیسائی صحافی ڈاکٹرجان د یال نے کہا،یکساں سول کوڈپر تمام اقلیتوں کی مشترکہ قرارداد حکومت کو سونپی جائے

نئی دہلی9جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی ریاستی مشاورت کی جانب سے منعقدہ عید ملن کے پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے جناب جسٹس راجندر سچر صاحب نے فرمایا کہ اسلام مساوات کا مذہب ہے اور یہ امن کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے سوامی ویویکانند نے اپنے مسلم دوست کو لکھے خط ۱۸۹۹ ؁ء کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے فرقہ پرست چاہے جو سمجھیں ان کے گرو سوامی ویویکانند اسلام کواسی توحیدکاعلمبردار مانتے تھے جو ویدوں میں مذکور ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر بریگیڈیر عثمان اور ویر عبدالحمید کو بھی یاد کرتے ہوئے فرمایا کہ مسلمانوں نے بھارت کی سالمیت کیلئے ہمیشہ اپنی قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک ذاتی مشاہدہ کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کا مہینہ کمزور سے کمزورمسلمان کا بھی کایا کلپ کر دیتا ہے اور روزہ کے دوران اس کا جھوٹ بولنا یا جھگڑنا رک جاتا ہے۔ عید ملن کے سامعین کو خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر جناب نویدحامدنے فرمایا کہ مشاورت نے جو عید ملن منعقد کیا ہے وہ اس کے معمولات اور مقاصد میں شامل ہے کیونکہ روزاول سے مشاورت مسلمانوں کو پر امن طریقوں اور افہام و تفہیم کے ذریعہ اپنے معاملات کو حل کرنے کی ترغیب کے ساتھ ساتھ غیرمسلم برادران وطن کے ساتھ ہم آہنگی اور رواداری پربھی زور دیتی رہی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ لوگ مسلمانوں کے چند اہم رہنماؤں ، مفکروں اور داعیان اسلام کو نشانہ بناکر ان پر دہشت گردی کا الزام لگا رہے ہیں، مشاورت ان کی مذمت کرتی ہے۔مشہور عیسائی صحافی ڈاکٹر جون دیال صاحب نے تاریخ کے واقعات کے حوالے سے بات رکھی کہ انسانی معاشرہ میں مذہب کی تعلیمات سے جہاں امن و آشتی قائم ہوئی ہیں وہیں تقریباً تمام مذاہب کے ماننے والوں نے ایک دوسرے کے خلاف نفرت و ظلم کا رویہ بھی روارکھاہے۔لہٰذاضرورت اس بات کی ہے کہ انسان کی عظمت کو مد نظر رکھتے ہوئے مشترکہ اقدارپرزوردیا جائے۔اس موقع پرانہوں نے یہ بھی مشورہ دیا کہ یکساں سول کوڈ کے سلسلے میں مشاورت اقدام کرے اورتمام اقلیتوں کی مشترکہ قرارداد حکومت کوسونپی جائے۔پروگرام کے آغاز میں دہلی ریاستی مشاور ت کے صدر جناب عبدالرشیداگوان نے عید کی اہمیت واضح کرتے ہوئے کہاکہ اللہ نے انسان کی رہنمائی کے لئے قرآن کریم کی شکل میں جوکتاب نازل کی ہے اور رمضان کے روزے رکھنے اور دیگر عبادات کی جو توفیق عطا کی ہے اس کے شکرانے کیلئے یہ خوشی منائی جاتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ قرآن ، رمضان اور روزہ تینوں کے سلسلے میں اسلام کی تعلیمات پچھلی تمام قوموں سے خودکوجوڑتی ہے ۔اس پروگرام میں جناب مولانااصغر امام مہدی سلفی، ناظم اعلیٰ ، مرکزی جمعیت اہل حدیث و نائب صدر مسلم مجلس مشاورت اورجناب سید تحسین احمد ، جنرل سکریٹری ریاستی مشاورت نے بھی اظہار خیا ل کیا۔کثیر تعداد میں مختلف مذاہب سے وابستہ افراد شریک ہوئے اور ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کی اور ظہرانہ پر مجلس کا اختتام ہوا۔


Share: