دہشت گردوں پرجم کربرسے اسدالدین اویسی،مجلس نے دہشت گردی کے خلاف قراردادمنظورکی
حیدرآباد9جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے سربراہ اویسی نے ہندوستانی مسلمانوں سے اسلامی اسٹیٹ کے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہونے کی اپیل کی۔پارٹی ہیڈکوارٹر دارالسلام حیدرآباد میں منعقد ایک جلسے میں اویسی نے اسلامک اسٹیٹ((ISکو جم کر آڑے ہاتھوں لیا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایس اسلام مخالف قوتوں کا ہتھیار ہے۔انہوں نے مسلم نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اسلام اورانسانیت کیلئے زندہ رہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام کیلئے مریں نہیں بلکہ انسانیت کیلئے زندہ رہیں۔یہ ہمارا ملک ہے، اس لیے مل کر رہنا چاہئے۔اویسی نے مسلم نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اسلامی اسٹیٹ کے چنگل میں پھنسنے سے بچیں۔انہوں نے کہا کہ مدینہ میں مسجدنبوی کے سامنے آئی ایس کا حملہ اسلام کے دشمنوں کی طرف سے ہے۔اسلامی اسٹیٹ اسلام کو ہی ختم کرنے پرتلا ہے۔اویسی نے مسلمانوں سے ہتھیار نہ اٹھانے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ جہاد کرنا ہے تو ہتھیار نہ اٹھاؤ۔غریبوں کو پناہ دو، ان کی مدد کرو، غریب بچیوں کی شادی کراؤ یہی جہاد ہے۔ایم آئی ایم کے اس جلسہ میں عام رائے سے ایک تجویز پاس کرکے اسلامی اسٹیٹ کی سخت مذمت کی گئی۔قرارداد میں کہاگیاکہ اسلامی اسٹیٹ نے مقدس رمضان ماہ میں بھی بے گناہوں کا قتل کرکے اسلام کو بدنام کیا ہے۔آئی ایس اسلام کیلئے کچھ نہیں کر رہا ہے، بلکہ اس کی سرگرمیوں سے اسلام کی جڑیں کمزور ہو رہی ہیں۔آئی ایس نہ صرف غیراسلامی ہے بلکہ یہ جومغربی طاقتیں اسلام کے دشمن ہیں ان کے ہاتھ کااوزاربن گیا ہے۔یہ اسلام کی آڑ میں اسے بدنام کر رہے ہیں۔اویسی نے اسلامک اسٹیٹ پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ رمضان میں بغداد،استنبول،ڈھاکہ سمیت دنیا کے کئی حصوں میں آئی ایس نے مسلم، غیر مسلم سمیت 300سے زائد بے گناہوں کی جان لے لی۔یہ لوگ اسلام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مدینہ میں مسجد نبوی کو بھی نہیں بخشا۔