لکھنو ، 5 ؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں انتخابی دعویداری پیش کرنے والے کل839 امیدواروں میں سے 168 امیدوار داغدارہیں۔ امیدواروں کی جانب سے الیکشن کمیشن کو دیئے حلف نامے میں یہ معلومات دی گئی ہیں۔ جسے یوپی الیکشن واچ اور اے ڈی آر نے اپنی ایک رپورٹ کے ذریعے اجاگر کیا ہے۔داغدار امیدواروں کے فہرست میں بی جے پی سب سے اوپر ہے۔ بی جے پی کے 73 امیدواروں میں سے 29 امیدواروں کے خلاف مجرمانہ معاملہ درج ہے۔ یعنی بی جے پی کی جانب سے پہلے مرحلے میں اعلان کئے گئے 40 فیصد امیدوار داغدار ہیں۔بی جے پی کے بعد دوسرے نمبر میں بی ایس پی ہے جس کے 38 فیصد امیدوار داغدارہیں۔ بی ایس پی نے پہلے مرحلے کی تمام 73 سیٹوں کے لئے امیدواروں کا اعلان کیا ہے وہیں آر ایل ڈی 57 سیٹوں پر انتخاب لڑ رہی ہے۔سماج وادی پارٹی کے 29 فیصد امیدوارداغدارہیں۔ ایس پی نے یہاں 51 امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارا ہے جن میں سے 15 کے خلاف کیسز درج ہیں۔کانگریس کے 24 امیدواروں میں سے چھ کے خلاف مجرمانہ معاملہ درج ہے جبکہ پہلے مرحلے میں انتخابات لڑنے والے 293 آزاد امیدواروں میں 38 امیدوار داغیوں کی لسٹ میں شامل ہیں۔اے ڈی آر رپورٹ کے مطابق 168 داغدار امیدواروں میں 147 کے خلاف قتل، قتل کی کوشش، اغوا جیسے سنگین جرم میں مقدمہ درج ہے۔کل 73 امیدواروں میں سے بی ایس پی کے 26، بی جے پی کے 22 کے خلاف سنگین جرم میں مقدمہ درج ہے۔ وہیں آر ایل ڈی کے 15 اور سماج وادی پارٹی کے 13 امیدواروں پر سنگین مجرمانہ معاملے میں کیس درج ہے۔ایٹہ کی علی گنج اسمبلی سیٹ سے بی ایس پی امیدوار اودھ پال سنگھ کے خلاف 36 مقدمات درج ہیں. جن قتل، لوٹ، ڈکیتی، جیسے معاملے شامل ہیں۔اس کے علاوہ کل امیدواروں میں سے 48 فیصد ایسے ہیں جنہوں نے کلاس پانچ سے 12 ویں تک ہی تعلیم حاصل کی ہے۔ لسٹ میں 15 ناخواندہ امیدوار بھی شامل ہیں۔کل امیدواروں میں صرف 8.4فیصد خواتین امیدواروں کو جگہ مل پائی ہے. پہلے مرحلے میں 70 خواتین امیدوار الیکشن لڑ رہی ہیں۔