سیاسی جماعتوں کی حمایت سے اپنا حق حاصل کرنا ہے، مسلمان دور اندیشی سے کام لیں
سنبھل، 10؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )آل انڈیا علماء و مشائخ بورڈ کے صدر و بانی سید محمد اشرف کچھوچھوی کی جانب سے بی ایس پی کی حمایت کا اعلان ہوتے ہی جہاں ایک طرف سیاسی خیموں میں اضطرابی ہلچل نذر آ رہی ہیں وہیں دوسری طرف مسلمانوں میں بھی ایک طرح کاجوش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ہندوستانی مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم آل انڈیا علماء و مشائخ بورڈ کے اس قدم نے سیاسی پارٹیوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ان خیالات کا اظہار آل انڈیا علماء ومشائخ بورڈ اسمولی،سنبھل یونٹ کے صدر قاری مشرف حسین نے بورڈ کے علاقائی اسمولی آفس واقع پریاولی پٹرول پمپ کے سامنے ایک میٹنگ میں کیا۔قاری مشرف نے کہا کہ بورڈ کامقصد سنی صوفی مسلمانوں کو ان کا حق دلانا ہے۔ اپنے حق کیلئے لڑنا نہ تو کوئی جرم ہے اور نہ معیوب و مکروہ ہے۔مسلمانوں کو کسی اضطراب اور پس و پیش میں آنے کی ضرورت نہیں۔سیاسی اور سماجی طور پر استحصال کا شکار سماج کو بدلاؤ کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ نجی مفاد کی بجائے قومی استفادہ کو مرکوز اور مقصود کرنا ہوگا۔انہوں نے عوام سے اپنے ووٹ کی طاقت کوپہچانتے ہوئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ کرنے کی ترغیب دی۔میٹنگ میں نائب صدر قاری وسیم سکریٹری مولانامحمدعلی مصباحی ،حافظ فرمان،حافظ ناظم ،حافظ فرقان ،شبیہ الحسن، محمداکرام وغیرہ موجود رہے۔میٹنگ کا اختتا م صلوٰہ وسلام اورملک وملت کی فلاح وبہبود کی دعا پرہوا۔