نئی دہلی، 8 ؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )ہندوستان نے آج اس خبر سے انکارکیاہے کہ قومی سلامتی گارڈ (این ایس جی)کی ایک ٹیم بنگلہ دیش کا دورہ کر رہی ہے۔ہندوستان کی جانب سے یہ تردید اس وقت سامنے آئی ہے جب میڈیا میں ایسی خبریں گردش کررہی تھیں کہ یہ ٹیم حال ہی میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈھاکہ میں ہے جس نے ملک کو حیران کر دیا ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے کہاکہ این ایس جی کی ٹیم کے بنگلہ دیش کا دورہ کرنے کی خبریں جھوٹی ہیں۔قابل ذکرہے کہ سوروپ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ بیرون ملک سفر پر ہیں اور فی الحال جنوبی افریقہ میں ہیں۔سوروپ کی یہ وضاحت ایسی خبروں کے درمیان آئی ہے کہ این ایس جی افسران کی ایک خصوصی ٹیم بنگلہ دیش میں عید کی نماز کے دوران کل ہوئے بم دھماکوں اور حال ہی میں ایک ریسٹورنٹ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے تجزیہ اور مطالعہ کے لیے پڑوسی ملک کے دورہ پرہے۔حکام نے کہا تھا کہ این ایس جی کی ٹیم کو حکومت نے اس وقت ڈھاکہ کے سفر کرنے کی اجازت دی تھی جب بنگلہ دیش میں اسپیشل فورس اتھاریٹی نے این ایس جی کو دہشت گرد انہ حملے کے مقامات کی پوزیشن کی ابتدائی سمجھ کے لیے وہاں کا دورہ کرنے کی درخواست قبول کر لی تھی ۔حکام نے کہا تھا کہ ٹیم میں دھماکے کے بعد کا تجزیہ کرنے والے اور انسداد دہشت گردی مہم کے ماہر ین تھے۔اس ٹیم کو یکم جولائی کے واقعہ کا مطالعہ کرنا تھا جس میں دہشت گردوں نے ایک کیفے کو اپنے قبضے میں لے کر 22افراد کو قتل کر دیا تھا ۔اس ٹیم کو ساتھ ہی بنگلہ دیش کے کشورگنج علاقے میں کل ہوئے دھماکے کا تجزیہ بھی کرنا تھا۔