ممبئی،7فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا) شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے گجرات اسمبلی انتخابات میں پاٹیدار ریزویشن تحریک کے لیڈر ہاردک پٹیل کو شیوسینا کی جانب سے وزیر اعلی کے عہدے کا امیدوار قرار دیا ہے۔ دراصل ہاردک پٹیل گجرات میں تحریک کے ذریعے ریاست کی بی جے پی حکومت کے لئے بڑی مصیبت بن چکے ہیں۔ کہا تو یہ بھی جاتا ہے کہ آنندی بین کے استعفی کی ایک وجہ بھی وہی تھے۔آنندی بین دل پٹیل کی تحریک کو صحیح طریقے سے نہیں سنبھال پائیں اور ریاست میں بی جے پی کی کافی کرکری ہوئی تھی۔سمجھا جاتا ہے کہ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال سے بھی ہاردک پٹیل کے اچھے تعلقات ہیں، کچھ وقت پہلے جے پور میں اروند کجریوال نے ہاردک پٹیل سے ملنے کی کوشش کی تھی لیکن جے پور میں انتظامیہ نے ان دونوں کو یہ کہہ کر نہیں ملنے دیا تھا کہ اس کے لئے انہیں گجرات ہائی کورٹ سے اجازت لینی ہوگی۔قابل ذکر ہے کہ ہاردک پٹیل نے حال ہی میں گجرات لوٹ کر وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کیا تھا۔ انہوں نے پی ایم مودی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا تھا کہ آپ دو لاکھ روپے کا سوٹ پہنتے ہیں اور خود کو گاندھی کہتے ہیں، آپ چرخے کے ساتھ بیٹھ نہیں سکتے اور خود کو گاندھی کہتے ہیں۔ پاٹیدار تحریک کے لیڈر ہاردک پٹیل ( 23) 6 ماہ کے بعد راجستھان سے گجرات لوٹے تھے۔وہ اس دوران راجستھان میں رہ رہے تھے۔ سرکاری ملازمتوں اور کالجوں میں پاٹیدار یا پٹیل کمیونٹی کے لئے ریزرویشن کی مانگ کر رہے ہاردک کو6 ماہ پہلے غداری کے ایک معاملے میں اس شرط کے ساتھ کورٹ نے ضمانت دی تھی کہ وہ 6ماہ گجرات سے باہر رہیں گے۔ویسے شیوسینا اور بی جے پی کے درمیان تعلقات اچھے نہیں چل رہے ہیں۔ آج ہی خبر آئی تھی کہ بی جے پی نے شیوسینا پر کانگریس سے ساز باز کا الزام لگایا تھا۔