ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کشمیر کے کولگام اور شوپیاں میں پھرکیا گیا کرفیو نافذ

کشمیر کے کولگام اور شوپیاں میں پھرکیا گیا کرفیو نافذ

Tue, 14 Feb 2017 09:56:46  SO Admin   S.O. News Service

سری نگر ، 13؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع اور شوپیاں شہر میں کل دو شہریوں کی موت کے بعد آج کرفیو لگا دیا گیا۔ایک شخص کی موت دہشت گردوں اورسیکورٹی فورسز کے درمیان ہوئے تصادم میں ہوئی تھی جبکہ دوسرا شخص اس کے بعد ہوئے مظاہروں میں ہلاک ہو گیاتھا ۔علیحدگی پسند تنظیموں نے ان ہلاکتوں کے خلاف احتجاج میں وادی بھر میں آج ہڑتال کا اعلان کیا، جس کا ملا جلا اثر دیکھنے کو ملا۔ایک پولیس افسر نے کہاکہ کل ہوئی اموات کے پیش نظر قانون وانتظام کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے پورے کولگام ضلع اور شوپیاں شہر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔بہر حال، جنوبی کشمیر سے ہوکر گزرنے والے سری نگر -جموں نیشنل ہائی وے پر لوگوں کو آمدورفت کی اجازت دی گئی ہے۔پولیس افسر نے کہاکہ وادی میں کہیں بھی لوگوں کے آنے جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے، لیکن سماج دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھنے کے لیے حساس علاقوں میں سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔کولگام ضلع کے فرسل علاقے میں دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان کل ہوئے تصادم میں ایک شہری مارا گیا تھا اور تصادم کے بعد ہوئی جھڑپوں میں ایک اور شخص کی موت ہو گئی تھی، کئی گھنٹوں تک جاری رہے اس تصادم میں 4 مقامی دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ فوج کے دو جوان بھی ہلاک ہو گئے تھے۔


Share: