ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / چمن میں دھماکہ، ایس ایس پی ہلاک، 11افراد زخمی

چمن میں دھماکہ، ایس ایس پی ہلاک، 11افراد زخمی

Mon, 10 Jul 2017 21:53:46  SO Admin   S.O. News Service

بلوچستان، 10/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں بم دھماکے کے نتیجے میں پولیس کا ایک سینئر افسر ہلاک اور 11افراد زخمی ہوگئے۔بلوچستان حکومت کے ترجمان انوار کاکڑ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بم دھماکے کا یہ واقعہ چمن میں بوغرہ روڈ پر پیش آیا۔نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق، حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے بوغرہ روڈ پر دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔یہ دھماکہ خیز مواد اس وقت پھٹ گیا جب قلعہ عبداللہ کے ایس ایس پی ساجد مہمند کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔ایس ایس پی کی گاڑی دھماکے کی زد میں آ گئی جس کے نتیجے میں ایس ایس پی ہلاک اور 11افراد زخمی ہوگئے جن میں اطلاعات کے مطابق آٹھ عام شہری شامل ہیں،جنہیں ضلع ہیڈکوارٹر ہسپتال چمن میں منتقل کیا گیا ہے۔ہسپتال کے حکام کے مطابق،زخمیوں سے سات کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔اس واقعہ کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔افغانستان کی سرحد سے متصل چمن شہر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے شمال میں اندازاً 120کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔چمن افغانستان کے دوسرے بڑے شہر قندھار اور دیگر جنوب مغربی علاقوں کے علاوہ وسط ایشیائی ریاستوں کے درمیان آمدورفت کی ایک اہم گزرگاہ ہے۔چمن میں پہلے بھی بم دھماکوں اور بدامنی کے دیگر واقعات پیش آتے رہے ہیں۔
 


Share: