جموں، 6 ؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )پاکستانی فوجیوں نے جموں وکشمیر کے سامبا سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر ہندوستان کی پیشگی چوکیوں کو نشانہ بنا کر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور مارٹر ر بم داغے۔پاکستانی فوجیوں کی طرف سے اس سال کی گئی جنگ بندی کی پہلی خلاف ورزی میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔بی ایس ایف کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ صبح تقریبا آٹھ بج کر 45منٹ پر پاکستانی فوجیوں نے بین الاقوامی سرحد پر سامبا سیکٹر میں چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد صبح تقریبا 9 بج کر 35منٹ پر پاکستان کی جانب سے چھوٹے ہتھیاروں سے دوبارہ فائرنگ کی گئی اور 51ایم ایم کے مارٹر بم داغے گئے۔افسر نے بتایاکہ ہماری فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی،علاقے سے کسی جانی نقصان و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔واضح رہے کہ سامبا سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے پیشگی علاقوں میں تعینات جوانوں پر 2 فروری کو بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا جسے ہندوستانی فوجیوں نے ناکام بنا دیا تھا۔دہشت گرد ہندوستانی علاقے میں گھس آئے تھے اور انہوں نے خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کرتے ہوئے جوانوں کو نشانہ بنایا تھا۔دہشت گردوں نے انڈر بیرل گرینیڈ کا بھی استعمال کیا تھا،اس حملے کا ہندوستانی فوجیوں نے منہ توڑ جواب دیا تھا۔