بھوپال، 5 ؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )نوٹ بند ی سے صرف عام لوگ اور کسان ہی پریشان نہیں ہیں ، بلکہ اس نے میاں-بیوی کے درمیان پیسے کو لے بھی اختلافات کو جنم دیا ہے اور اس کی وجہ سے مدھیہ پردیش میں خواتین کے خلاف گھریلو تشدد کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔میاں بیوی کے جھگڑوں کو حل کرنے کے لیے بنائے گئے مصالحت سینٹروں میں اس دوران درج ہونے والے مقدمات میں اضافہ ہوا ہے۔گوروی کی صدر ساریکا سنہا نے بتایاکہ نوٹ بند ی کے بعد مدھیہ پردیش میں گھریلو تشدد کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔گوروی ون اسٹاپ کرائسس سینٹر ہے، جسے مدھیہ پردیش حکومت کا عوامی صحت اور خاندانی بہبود کا محکمہ اور ایکشن ایڈ کی طرف سے مشترکہ طور پر چلایا جاتا ہے۔ساریکا نے کہا کہ 8 ؍نومبر کو نوٹ بند ی کے اعلان کے بعد کئی ایسے معاملے گوروی میں آئے، جن میں خواتین نے اپنے چھپائے ہوئے 500اور 1000روپے کے نوٹوں کو بینکوں سے تبدیل کرانے کے لیے اپنے شوہروں کو دیا، لیکن بعد میں ان کے شوہروں نے یہ پیسہ ان کو واپس نہیں دیا ، اس کی وجہ سے میاں-بیوی کے درمیان تکرار ہونے کی وجہ سے ان کے آپسی تعلقات میں بھی تلخی آئی۔ساریکا نے کہا کچھ ایسے بھی معاملات آئے جن میں بیویوں کی طرف سے چھپائے گئے 500اور 1000روپے کے پرانے نوٹ 30؍دسمبر کے بعد بھی ملے۔ان کو لے کر بھی میاں ،بیوی کے درمیان جھگڑے اور مار پیٹ تک نوبت تک آگئی ، جس کی وجہ سے گھریلو تشدد کے معاملے درج کئے گئے، مصالحت مراکز میں دونوں فریقوں کو سمجھا بجھا کر ان کے آپسی جھگڑوں کو ختم کرایا جا رہا ہے۔اسی درمیان، گوروی کو چلانے والی شیو انی سینی نے بتایاکہ نومبر سے جنوری تک ان کے بھوپال میں واقع ’گوروی مرکز‘میں گھریلو تشدد کے تقریبا 200معاملے درج کئے گئے ہیں، جبکہ اس سے پہلے فی ماہ تقریبا 50سے 67معاملے آتے تھے۔انہوں نے کہا کہ جو 200معاملے خواتین کے خلاف گھریلو تشدد کے آئے، ان میں سے زیادہ تر میاں-بیوی کے درمیان نوٹ بند ی سے ہوئی رقم کی کمی کو لے کر ہوئے جھگڑوں اور مارپیٹ کی شکایتیں تھیں ۔شیوانی نے کہاکہ گھریلو تشددکے واقعات پہلے بھی ہوتے تھے ، لیکن نوٹ بند ی کے بعد گھریلو تشدد کے معاملات میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔