پٹنہ، 7/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بہار میں حکمران اتحاد کی اتحادی جے ڈی یو اور کانگریس اس خلیج کو پاٹنے کی کوشش کر رہی ہیں جو صدر کے لیے الگ الگ امیدواروں کو حمایت دینے کی وجہ سے بنتی دکھائی دے رہی ہے۔اب اسے حمایت اور کانگریس کے تئیں خیر سگالی کے جذبہ کے اظہار کے طورپر دیکھاجا رہا ہے کہ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار جمعہ کو پٹنہ میں نہیں رہیں گے، جب کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے صدر کے عہدے کے لیے منتخب کی گئیں امیدوار میرا کمار پٹنہ آ رہی ہیں۔نتیش کمار طبی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے دارالحکومت سے باہر چلے گئے ہیں۔صدارتی انتخابات میں لوک سبھا کی سابق اسپیکر میرا کمار کو 17/اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے امیدوار بنایا گیا ہے، جن کی قیادت کانگریس کر رہی ہے، اسی اتحاد کا رکن ہونے کے باوجود نتیش کمار نے بی جے پی کی جانب سے اتارے کئے گئے امیدوار رام ناتھ کووند کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا، جو بہار کے گورنر تھے۔ویسے، مختلف علاقائی پارٹیوں تک بنی وزیر اعظم نریندر مودی کی رسائی اور اثر کی بدولت یہ تقریبا طے ہے کہ رام ناتھ کووند صدارتی محل میں پہنچنے میں کامیاب ہوں گے۔