ہاتھرس ، 8؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے یوپی کے ہاتھرس میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی 60فیصد دولت صرف 50خاندانوں کے پاس ہے۔راہل گاندھی نے کہا کہ وہ لوگ ممبئی میں بڑے بڑے گھروں میں رہتے ہیں،بڑی بڑی گاڑیوں پر چلتے ہیں۔انہوں نے این ڈی اے حکومت پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے امیر لوگوں کا ایک لاکھ 10ہزار کروڑ کاقرض معاف کر دیا ہے،ان لوگوں کا 6 لاکھ کروڑ روپیہ قرض ہے،یہ لوگ چاہتے ہیں کہ یہ معاف ہو جائے۔راہل گاندھی نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کرکے کسانوں کا قرض معاف کرنے کا مطالبہ کیاتھا ، نوٹ بند ی کو لے کر وزیر اعظم مودی پر حملہ بولتے ہوئے کانگریس نائب صدر نے کہا کہ پورے ملک کو لائن میں لگا دیا، ایک بھی امیر آدمی لائن میں نہیں لگا، پہلے مودی جی نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف جنگ ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ 14.5لاکھ کروڑ روپے ہندوستان میں ہے،وزیر اعظم نے بلیک منی پر کوئی کارروائی نہیں کی،بیرون ملک جمع بلیک منی پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ آج کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کی غازی آباد کے مراد نگر میں بھی انتخابی ریلی ہے ، اسی کے ساتھ ساتھ سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اور وزیر اعلی اکھلیش یادو آج بجنور میں چارجلسہ عام اور رام پور میں ایک اجلاس سے خطاب کریں گے۔اس کے ساتھ ہی اتر پردیش کے لیے کانگریس پارٹی آج اپنے انتخابی منشور جاری کیا ۔کانگریس کی اتحادی پارٹی سماج وادی پارٹی پہلے ہی اپنا منشور جاری کر چکی ہے۔کانگریس نے اپنا منشور آج دوپہر لکھنؤ کے پارٹی ہیڈ کوارٹر میں جاری کیا، اس موقع پر کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد سمیت کئی لیڈران موجود تھے۔
قابل ذکر ہے کہ یوپی انتخابات میں سماج وادی پارٹی اور کانگریس مل کر الیکشن لڑرہی ہے، اس کے تحت ریاست کی 403اسمبلی سیٹوں میں سے ایس پی 298اور کانگریس 105سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے۔مغربی یوپی میں پہلے مرحلے کی پولنگ 11؍فروری کو ہے، اسی ضمن میں وزیر اعظم نریندر مودی آج غازی آباد کے کملا نہرو نگر گراؤنڈ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے۔اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ پارٹی امیدواروں کے علاوہ کئی دوسرے لیڈران بھی موجود رہیں گے۔وزیر اعظم مودی کی ریلی کو لے کر ساری تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں ۔اس کے علاوہ ملک کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ غازی آباد میں ہی آج دادری میں انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے۔اس دوران وہ ایس پی -کانگریس اتحاد کو آڑے ہاتھوں لے سکتے ہیں۔اس سے پہلے راج ناتھ سنگھ نے منگل کو شاملی میں ہندوؤں کی مبینہ نقل مکانی کے معاملے پر ایس پی حکومت کو گھیرا تھا۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ حکومت کے ہوتے ہوئے نقل مکانی کیسے ہوئی ، ساتھ ہی ریاست کے قانون انتظام کو لے کر بھی انہوں نے ایس پی حکومت پر حملہ بولاتھا ۔