بھوپال، 08 فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ریاستی کانگریس کے چیف ترجمان کے کے مشرا نے بدھ کو اپنے بیتول قیام کے دوران سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت کے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بیتول جیل میں داخلے پر اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھاگوت کسی بھی آئینی عہدے پر نہیں ہے اور جس سنگھ پریوار کے سربراہ کے طور پر ان کی شناخت ہے، وہ سنگھ 91 سال بعد بھی اپنے ادارے کا اندراج تک نہیں کروا پایا ہے اور نہ ہی قومی ؍ علاقائی؍ ڈویڑن؍ ضلع یا بلاک سطح تک کسی بھی قسم کی رکنیت کا اس میں انتظام ہے۔ اس صورت حال میں جیل قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جیل کے اندر ان کا داخلہ غیر مجاز اور غیر قانونی ہے جس پر روک لگائی جانی چاہئے۔ قابل ذکر ہے کہ آر ایس ایس سربراہ بھاگوت اپنے سات روزہ ریاستی قیام کے دوران بدھ کو بیتول جیل کے اندر داخل ہو کربابائے قوم مہاتما گاندھی کے قتل میں ملزم سابق آر ایس ایس سربراہ مادھو سداشیو گولوالکر کے اس کمرے میں غیر قانونی طریقے سے داخل ہوکر، ان کو یاد کریں گے۔ کے کے مشرا نے کہا کہ مدھیہ پردیش جیل قانون میں درج دفعات کے تحت کسی بھی سزا یافتہ یا عدالتی تحویل میں زیر التواء قیدیوں سے ملاقات کی تجویز ہے، جس کے تحت کوئی بھی شخص جس کا کوئی حقیقی متعلق، دوست، رشتہ دار جیلر؍ جیل سپرنٹنڈنٹ کی اجازت سے مقرر مقام و طے وقت کی حد میں ملاقات کر سکتا ہے۔جیل کے کسی بھی کمرے میں جیل قانون کے مطابق معائنہ ؍داخل ہونے کی جواز صرف جیل محکمہ کے سینئر افسران کو ہی حاصل ہے۔ عدالت کی طرف سے اس سلسلے میں کسی شخص کو اختیار کرنے پر وہ داخل ہو سکتا ہے یا ضلع مجسٹریٹ کی اجازت سے پولیس انتظامیہ کو تلاش؍ خصوصی تلاشی کے لئے اس تک رسائی کی اجازت حاصل ہے۔