نئی دہلی،13فروری(ایس او نیوز/آئی ایس انڈیا)مرکزی وزیر کرن رججو نے کانگریس کے ایک تبصرہ پرجوابی حملہ کرتے ہوئے پیر کو ٹویٹ کیاکہ ہندو آبادی ملک میں گھٹ رہی ہے کیونکہ ہندو کبھی مذہب تبدیل نہیں کراتے۔دراصل اروناچل پردیش کانگریس کمیٹی کے ایک بیان کی بنیاد پر ایک خبر شائع ہوئی تھی جس کے مطابق کمیٹی نے کہا تھاکہ بی جے پی حکومت اروناچل پردیش کو ہندو ریاست میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔کانگریس پر اشتعال انگیز بیان بازی کا الزام لگاتے ہوئے کرن رججونے کئی ٹویٹ کرکے کہاکہ ہندوآبادی ملک میں گھٹ رہی ہے کیونکہ ہندوؤں نے کبھی کسی کا مذہب تبدیل نہیں کرایا۔آس پڑوس کے ممالک کے مقابلے میں ہمارے ملک کی اقلیتی پھل پھول رہی ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس کو اس طرح کے اشتعال انگیز بیان نہیں دینے چاہئے۔ہندوستان ایک سیکولرملک ہے،یہاں تمام مذہبی گروپوں کو آزادی ملی ہے اور وہ تمام پرامن طریقے سے رہتے ہیں۔انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہاکہ کانگریس آخر کیوں اس طرح کے غیر ذمہ دار بیان دے رہی ہے؟۔ اروناچل پردیش کے لوگ ایک ساتھ متحد ہوکرپرامن طریقے سے رہ رہے ہیں۔