مکۃ المکرمہ7فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کے شہر مکہ میں پولیس نے ایک شخص کو مسجد الحرام میں مسلمانوں کے مقدس ترین مقام خانہ کعبہ کے قریب خودسوزی کی کوشش کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اس شخص نے اپنے کپڑوں پر پیٹرول چھڑک کرخود کو آگ لگانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے اس کی یہ کوشش ناکام بناتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔خانہ کعبہ کی سکیورٹی پرمامور پولیس حکام نے ایک بیان میں کہا کہ اس شخص کی حرکتوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔پولیس نے اس شخص کی عمر 40سال بتائی ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں پولیس کو ایک شخص کی گردن سے پکڑے کر لے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے تاہم اس ویڈیو کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔مسجد حرام کی خصوصی سیکیورٹی فورسز کیپٹن سامح السلمی نے بتایا کہ سوموار کو رات گیارہ بجے پولیس نے صحن مطاف سے ایک شخص کو اس وقت حراست میں لیا جس نے پٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگانے کی کوشش کی تھی تاہم سیکیورٹی حکام نے بروقت کارروائی کرکے اسے خود کو آگ لگانے سے روک دیا اور اسے حراست میں لے لیاگیاہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ خود سوزی کرنے والے شخص کے طرز عمل سے وہ نفسیاتی مریض معلوم ہوتا ہے۔ مزید تفتیش اورقانونی کارروائی کے لیے اسے متعلقہ حکام کی تحویل میں دے دیاگیاہے۔