لاہور7فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)لاہور ہائی کورٹ نے جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر ہائی کورٹ آفس کے اعتراض کو برقرار رکھتے ہوئے اسے اعتراض کی روشنی میں ناقابل سماعت قرار دے دیا۔حافظ سعید کی نظر بندی کے خلاف مقامی وکیل سرفراز حسین نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا اور نظر بندی کے احکامات کو چیلنج کیا گیا۔لاہور ہائی کورٹ آفس نے درخواست پر اعتراض لگایا تھا کہ حافظ سعید کی نظر بندی کے احکامات کی نقل درخواست کے ساتھ نہیں لگائی گئی۔امیر جماعت الدعو? حافظ سعید کی نظر بندی کی درخواست اعتراض کے ساتھ سماعت کے لیے پیش کی گئی۔لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس ارم سجاد گل نے درخواست پر ہائی کورٹ آفس کے اعتراض کی سماعت کی۔کارروائی کے دوران درخواست گزار وکیل نے بتایا کہ ہائی کورٹ آفس نے درخواست پر اعتراض لگا کر اس کو ناقابل سماعت قرار دیا ہے۔وکیل کے مطابق ہائی کورٹ نے ان کی درخواست پر اعتراض لگایا کہ حافظ سعید کی نظر بندی کے احکامات کو درخواست کے ساتھ لف نہیں کیا گیا۔درخواست گزار وکیل نے استدعا کی کہ ہائی کورٹ آفس کے اعتراض کو ختم کرکے اس پر کارروائی کی ہدایت کی جائے۔تاہم جسٹس ارم سجاد گل نے ہائی کورٹ آفس کے اعتراض کو برقرار رکھا اور درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا۔اس سے پہلے درخواست میں دعویٰ کیا گیا کہ حافظ سعید کو امریکہ کے دباؤ پر نظر بند کیا گیا ہے۔درخواست گزار وکیل کے مطابق حافظ سعید کی نظر بندی سے تحریک آزادی کشمیر متاثر ہوگی۔درخواست گزار نے اعتراض اٹھایا کہ حافظ سعید کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور آئین کے تحت کسی شہری کو بلا جواز نظر بند نہیں کیا جاسکتا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ حافظ سعید کو عدالت میں طلب کر کے انھیں آزاد کرنے کا حکم اور نظر بندی کو کالعدم قرار دیا جائے۔خیال رہے کہ گذشتہ پیر کو وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے جماعت الدعوہ کے خلاف اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں اقدامات کے اعلان کے بعد رات گئے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اور جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ محمد سعید کو لاہور میں ان کے گھر میں نظر بند کر دیا گیا تھا۔جبکہ پاکستانی فوج کی جانب سے جماعت الدعوہ کے امیر حافظ محمد سعید کی نظربندی کو ریاست کی جانب سے قومی مفاد میں کیا گیا فیصلہ قرار دیا گیا تھا۔