ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / قیدیوں کے سرقلم کرنے والے داعشی قصاب کا خوفناک انجام

قیدیوں کے سرقلم کرنے والے داعشی قصاب کا خوفناک انجام

Thu, 02 Feb 2017 10:35:40  SO Admin   S.O. News Service

کمانڈر ابو سیاف کو عراق میں نامعلوم افراد نے چاقو مار کرقتل کردیا

دمشق،یکم فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس ا نڈیا)شدت پسند تنظیم ’داعش‘ میں یرغمال بنائے گئے مخالفین کے نہایت بے رحمی کے ساتھ سرقلم کرنے میں ملوث قرار دیے جانے والے جنگجو ’ابو سیاف‘ کو عراق کے شہر نینویٰ میں قتل کر دیا گیا ہے۔ ابو سیاف کا شمار داعش کے ان سفاک جنگجوؤں میں ہوتا تھا جو مخالفین کے سرقلم کرنے اور انہیں بے دردی سے قتل کرنے میں ملوث رہے ہیں۔ ابو سیاف کو داعش کا ’جلاد‘ قرار دیا جاتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق داعشی جلاد نے ایک سو یرغمالیوں کو مختلف طریقوں سے موت کے گھاٹ اتارا۔ قیدیوں کے قتل کے مناظرکی باقاعدہ ویڈٰیوز بنائی جاتیں اور انہیں لوگوں میں خوف وہراس پیدا کرنے کے لیے انٹرنیٹ پر پھیلایا جاتا۔ داعشی جنگجوابوسیاف کوعراق کے صوبہ نینویٰ میں نامعلوم افراد نے گھات لگا کر حملہ کیا اور اسے قتل کردیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ابو سیاف کو نینویٰ صوبے کے مغربی شہر الدواسہ میں ہلاک کیا گیا۔ وہ عراق میں داعش کا اہم کمانڈر تھا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ابو سیاف پر فائرنگ کے ساتھ چاقوؤں سے بھی حملہ کیا گیا۔عراق کے ایک مقامی صحافی محمد الیاور نے عراقی ٹی وی ARA کو بتایا کہ حکام نے داعشی جنگجو اور جلاد ابو سیاف کے قتل کی تصدیق کی ہے۔ الیاور نے بتایا کہ ابو سیاسف داعش کے نینویٰ صوبے میں سب سے خطرناک جنگجو کے طورپر شہرت حاصل کی تھی اور اسے داعش کی ویڈیوز میں لوگوں کے سر قلم کرتے بھی دیکھا گیا تھا۔داعشی جلاد ابو سیاف کے قتل کے طریقہ کار کے بارے میں متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق اسے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔سامریہ نیوز چینل نے عراقی سیکیورٹی حکام کے حوالے سے بتایا کہ ابو سیاف کو نامعلوم مسلح افراد نے اتوار کے روز گولیاں مار کر ہلاک کیا۔سکیورٹی فورسز کے مطابق مسلح افراد شہر کی مغربی سمت سے آئے اور انہوں نے ابو سیاف پر چاقو سے متعدد وار کیے جس کے نتیجے میں دسیوں افراد کو موت کی نیند سلانے والا جنگجو خود بھی اپنے انجام کو پہنچ گیا۔


Share: