ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / قومی سلامتی سے متعلق معاملات میں کوئی سمجھوتہ نہیں:سونیاگاندھی

قومی سلامتی سے متعلق معاملات میں کوئی سمجھوتہ نہیں:سونیاگاندھی

Mon, 11 Jul 2016 21:08:43  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 11؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی موت پر کشمیر میں جاری ہنگامہ کے درمیان کانگریس صدرسونیاگاندھی نے آج واضح کیا کہ قومی سلامتی سے جڑے معاملات سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔تاہم انہوں نے تشدد میں لوگوں کی ہلاکتوں پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔سونیا گاندھی نے اس بات کا ذکر کیا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے بھی زیادہ وقت میں جموں و کشمیر میں سیاسی عمل کو تقویت ملی ہے اور یہ بیکار نہیں جانا چاہیے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی سے متعلق معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا نیز دہشت گردی کے مسئلہ سے سختی سے نمٹا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ اس کے باوجود ہمارے اتنے سارے بے قصور شہریوں کی موت اور سیکورٹی فورسز پر حملے تکلیف دہ ہیں۔وادی کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ وہ سیاسی جماعتوں کو ان کی خواہشات کو بامعنی طریقے سے پورا کرنے کے ٹھوس اور مستقل حل کو پرامن اور جمہوری طریقے سے ڈھونڈنے دیں۔قابل ذکرہے کہ کشمیر میں جمعہ کو ایک انکاؤنٹر کے دروان برہان وانی کی موت کے بعد مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہوئی پرتشدد کاروائیوں میں 23افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے بھی وادی میں قانون وانتظام کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر تشویش کااظہار کیا اور کہا کہ بڑا نقصان ہوا ہے جس کی تلافی نہیں کی جاسکتی۔جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی آزاد نے کہا کہ مزید لوگوں کی جانیں جانے سے پہلے جلد از جلد قانون وانتظام کی صورت حال کی بحالی کو یقینی بنانا وقت کی ضرورت ہے۔آزاد نے تشدد میں زخمی 200سے زائدمعصوم شہریوں اور سیکورٹی فورسز کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔


Share: