ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / قطر کا انسداد دہشت گردی قانون میں ترمیم کا اعلان

قطر کا انسداد دہشت گردی قانون میں ترمیم کا اعلان

Fri, 21 Jul 2017 19:10:27  SO Admin   S.O. News Service

دوحہ، 21/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)قطر کی حکومت نے بائیکاٹ کرنے والے ممالک کی طرف سے پیش کردہ مطالبات پر بالواسطہ جواب دیا ہے۔ امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے جمعرات کو ایک شاہی فرمان جاری کیا تھا،جس میں ملک میں انسداد دہشت گردی قانون میں ترمیم، دہشت گردوں کی تعریف اور اس سے متعلق دیگر امور میں تبدیلی کا اعلان کیا گیا ہے۔ قانون میں ترامیم کے بعد حکومتی فرمان سرکاری گزٹ میں شائع کیا جائے گا جس کے بعد اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق،دہشت گردی سے متعلق قانون میں ترامیم کے ضمن میں دہشت گردوں کی تعریف، جرائم، مجرمانہ سرگرمیوں، دہشت گردی میں ملوث اداروں کا تعین، دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے کے اقدامات، دہشت گردی میں ملوث مقامی افراد اور اداروں کی فہرستوں کی از سرنو ترتیب، نئے اداروں اور افراد کو دہشت گردی کی فہرست میں شامل کرنا، ان اقدامات کے نتائج اور متاثرہ فریقوں کو اپنے دفاع میں اپیل کا حق جیسے اقدامات شامل ہوں گے۔خیال رہے کہ قطر کی طرف سے دہشت گردی سے متعلق قانون میں ترمیم کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب حال ہی میں دوحہ اور واشنگٹن کے درمیان انسداد دہشت گردی کا ایک معاہدہ بھی طے پایا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، آئندہ چند ایام کے دوران قطری پراسکیوٹر کے دفتر میں مستقل اسٹاف تعینات کیا جائے گا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ دوحہ نے معاہدے کے تحت بعض مشتبہ افراد کی گرفتاری اور مانیٹرنگ کا عمل سخت کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
 


Share: