ریاض، 21/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)عراق اور سعودی عرب کی قیادت نے جمعرات کے روز بتایا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان انسداد دہشت گردی کے تحت خفیہ معلومات کے تبادلے کا ایک معاہدہ طے پایا ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق، سعودی عرب کے چیف آف اسٹاف جنرل عبد الرحمان صالح البنیان اور ان کے عراقی ہم منصب جنرل عثمان الغانمی نے بغداد میں ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔جنرل الغانمی نے کہا کہ دونوں ملکوں نے انسداد دہشت گردی کے تحت باہمی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کا معاہدہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان آمد ورفت کے لیے خشکی کے راستے سے استعمال ہونے والی عرعر گذرگاہ کو کھولنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عراقی عازمین حج کو مناسک حج کی ادائی کے لیے سعودی عرب کے سفر میں سہولت فراہم کی جاسکے۔اس موقع پر سعودی چیف آف اسٹاف جنرل صالح البنیان نے دونوں ملکوں کے درمیان طے پائے انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کے معاہدے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کی سرحدوں کی سکیورٹی کو فل پروف بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔خیال رہے کہ سعودی عرب اور عراق کے درمیان 814کلو میٹر طویل مشترکہ سرحد کے بیشتر علاقے صحرا پر مشتمل ہے،جس کی مانیٹرنگ ایک مشکل عمل ہے۔